لکھیم پور تشدد معاملہ میں کار ڈرائیور شیکھر بھارتی گرفتار
کسان قتل واقعہ کے ایک دیگر مطلوب ملزم شیکھر بھارتی کو کھیری پولیس کی کرائم برانچ نے لکھنؤ کے اے پی سین روڈ سے گرفتار کیا ہے۔
اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری کے تکونیا میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد کے مارے جانے کے واقعہ میں مطلوب ایک دیگر ملزم کو پولیس نے منگل کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ کسان قتل واقعہ کے ایک دیگر مطلوب ملزم شیکھر بھارتی کو کھیری پولیس کی کرائم برانچ نے لکھنؤ کے اے پی سین روڈ سے گرفتار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شیکھر بھارتی کو سی جے ایم عدالت میں پیش کر کے 14دنوں کی پولیس ریمانڈ مانگی گئی لیکن عدالت نے ملزم کو عدالتی تحویل میں لیتے ہوئے سماعت کے لئے بدھ کا دن طے کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شیکھر بھارتی لکھیم پور واقعہ کے کلیدی ملزم آشیش مشر کے دوست انکت داس کی کار کا ڈرائیور ہے۔ واضح رہے اس معاملہ میں مرکزی وزیر مملکت اجے مشرا ٹینی کا بیٹا آشیش مشرا پہلے ہی پولیس حراست میں ہے۔ آشیش مشر ا کو پولیس نے پوچھ تاچھ کے لئے بلایا تھا اور جب وہ پولیس کے سوالوں کے جواب اطمینان بخش نہیں دے پایا تو پولیس نے اس کو حراست میں لے لیا تھا۔
احتاج کر رہے کسانوں اور مرنے والے کسانوں کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ جس گاڑی نے چار کسانوں کو روندا ہے اس میں آ شیش مشرا موجود تھا جبکہ آشیش اور اس کے والد اس الزام کی تردید کر رہے ہیں لیکن آشیش پولیس کو یہ اطمینان دلانے میں ناکام رہا کہ وہ تشدد کے وقت واردات کی جگہ موجود نہیں تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔