ڈی آر ڈی او نے ہندوستان کے پہلے بغیر پائلٹ والے جنگی طیارہ کا کیا کامیاب تجربہ
ڈی آر ڈی او نے کہا کہ اس بغیر پائلٹ کے ایئرکرافٹ نے کامیاب پرواز بھری جو مسرت آمیز ہے، طیارہ نے خود ہی اس تجربہ کو انجام دیا جو کہ اسٹریٹجک ڈیفنس ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی سمت میں اہم قدم ہے۔
بغیر پائلٹ والے جنگی طیارہ تیار کرنے کی سمت میں ہندوستان کو ایک بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے۔ ڈی آر ڈی او نے جمعہ کے روز آٹونومس فلائنگ وِنگ ٹیکنالوجی ڈیمونسٹریٹر کے پہلے ایئرکرافٹ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ اس طیارہ کی خاصیت یہ ہے کہ یہ بغیر پائلٹ کے پرواز بھر سکتا ہے۔ یہ ٹیک آف سے لے کر لینڈنگ تک کا پورا عمل بغیر کسی مدد کے انجام دے سکتا ہے۔
ڈی آر ڈی او نے ایک بیان میں بتایا کہ اس تجربہ کو جمعہ کے روز کرناٹک کے چتردرگ واقع ایروناٹیکل ٹیسٹ رینج میں کامیابی کے ساتھ انجام دیا گیا۔ بغیر پائلٹ ہوائی جہاز یعنی اَن مینڈ ایریل وہیکل (یو اے وی) کو آٹونومس فلائنگ وِنگ ٹیکنالوجی ڈیمونسٹریٹر کہا جاتا ہے۔ مرکزی وزارت دفاع نے اس تعلق سے کہا کہ طیارہ پوری طرح سے آٹونومس موڈ میں چلایا گیا تھا۔ ایئرکرافٹ نے ایک کامیاب پرواز بھری جس میں ٹیک آف، وے پوائنٹ نیوی گیشن اور اسموتھ ٹچ ڈاؤن شامل ہیں۔ یہ طیارہ مستقبل میں بغیر پائلٹ کے چلنے والے طیاروں کو تیار کرنے کی سمت میں ایک سنگ میل ہے۔
ڈی آر ڈی او کا کہنا ہے کہ اس بغیر پائلٹ کے ایئرکرافٹ نے کامیاب پرواز بھری جو انتہائی مسرت آمیز ہے۔ طیارہ نے خود ہی اس تجربہ کو انجام دیا جو کہ اسٹریٹجک ڈیفنس ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی سمت میں اہم قدم ہے۔ اس ایئرکرافٹ کو بنگلورو واقع ایروناٹیکل ڈیولپمنٹ اسٹیبلشمنٹ (اے ڈی ای) نے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔ اے ڈی ای دراصل ڈی آر ڈی او کے تحت ایک اہم ریسرچ لیباریٹری ہے۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی اس کامیاب تجربہ کے لیےڈی آر ڈی او کو مبارکباد پیش کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔