یوپی ایم ایل سی انتخابات: ڈاکٹر کفیل خان ہوں گے سماجوادی پارٹی کے امیدوار
رپورٹ کے مطابق سماجوادی پارٹی نے ڈاکٹر کفیل خان کو دیوریا-کشی نگر سیٹ سے آنے والے اتر پردیش کے ایم ایل سی انتخابات میں امیدوار کے طور پر میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) ماہر امراض اطفال ڈاکٹر کفیل خان کو آئندہ ایم ایل سی (قانون ساز کونسل) کے لئے امیدوار کے طور پر میدان میں اتارنے جا رہی ہے۔ ڈاکٹر کفیل خان 2017 میں اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب انہوں نے بی آر ڈی اسپتال (گورکھپور) میں داخل بچوں کے لئے آکسیجن کا انتظام کیا تھا۔ تاہم، یوگی حکومت نے ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سماجوادی پارٹی نے ڈاکٹر کفیل خان کو دیوریا-کشی نگر سیٹ سے آنے والے اتر پردیش کے ایم ایل سی انتخابات میں امیدوار کے طور پر میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس پی کے قومی سکریٹری اور ترجمان راجندر چودھری نے اس کی تصدیق کی ہے۔
دریں اثنا، ڈاکٹر کفیل خان نے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی اور پھر دونوں کی تصویر ٹوئٹ کی۔ کفیل خان نے ٹوئٹ کیا، "معزز سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو صاحب سے ملاقات کی۔" ملاقات کے دوران انہوں نے اپنی کتاب ’دی گورکھپور ہاسپیٹل ٹریجڈی‘ کی کاپی بھی پیش کی۔
اتر پردیش کی حکومت نے گزشتہ سال نومبر میں گورکھپور کے بابا راگھو داس (بی آر ڈی) میڈیکل کالج کے ماہر امراض اطفال ڈاکٹر کفیل خان کی خدمات ختم کر دی تھیں، جہاں اگست 2017 میں کئی بچے آکسیجن کی کمی کی وجہ سے جان بحق ہو گئے تھے۔ بعد میں سال 2020 میں انہیں سی اے اے مخالف احتجاج کے دوران تقریر کرنے پر گرفتار بھی کیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔