ڈاکٹر فاروق عبداللہ سمن کے باوجود ای ڈی کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے
نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ جمعرات کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیے جانے کے باوجود انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش نہیں ہوئے
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ اور جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ جمعرات کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیے جانے کے باوجود انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے تفتیشی ایجنسی کو ای میل اور خط کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ وہ خرابی صحت کے سبب حاضر نہیں ہو سکتے۔
دریں اثنا، نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ تفتیشی ایجنسی کے ساتھ تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری سیاست سچ پر مبنی ہے، پہلے بھی تعاون کیا ہے، آگے بھی تعاون کریں گے۔‘‘
ڈاکٹر عبداللہ کو ای ڈی نے جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) میں مالی بے ضابطگیوں کے سلسلے میں جمعرات کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔
ای ڈی ڈاکٹر عبداللہ کی قیادت کے دوران جے کے سی اے میں مبینہ مالی گھوٹالے کی تحقیقات کر رہی ہے اور اس نے 2022 میں ان پر الزام عائد کیا تھا۔
اس مبینہ گھوٹالے کی سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) بھی تحقیقات کر رہی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ جے کے سی اے کے بڑے فنڈز کو ان پارٹیوں کو دیا گیا جن کا ان کے حقیقی استعمال سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔