دور درشن کی معروف اینکر نیلم شرما کا انتقال
دوردرشن کی مشہور اینکر نیلم شرما کا انتقال ہوگیا، وہ تقریبا 50 سال کی تھیں اور پچھلے کچھ دنوں سے نمونیا میں مبتلا تھیں اور اسپتال میں داخل تھیں۔
نئی دہلی: دوردرشن کی مشہور اینکر نیلم شرما کا آج نوئیڈا کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ وہ تقریبا 50 سال کی تھیں اور پچھلے کچھ دنوں سے نمونیا میں مبتلا تھیں اور اسپتال میں داخل تھیں۔ نیلم شرما کے پسماندگان میں شوہر کے علاوہ ایک بیٹا ہے۔
وہ 1995 سے دور درشن میں کام کررہی تھیں اور خواتین کو بااختیاربنانے سے متعلق تیجسونی جیسے کئی پروگرام کئے تھے ۔ اس سال مارچ میں انہیں ’ناری شکتی سمان‘ ملا تھا۔ انہیں کئی دیگر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔ وہ اپنے پروگراموں میں سلگتے مسائل کو بہتر انداز میں اٹھاتی تھیں اور اپنے متاثر کن انداز اور پیش کش کی وجہ سے سامعین میں بہت مقبول تھیں۔
پرسار بھارتی کے صدر سوریہ پرکاش نے نیلم شرما کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ خواتین کی طاقت کی حقیقی علامت تھیں۔ ان کے انتقال سے دور درشن اپنے تیجسونی سے محروم ہوگیا ہے۔ دور درشن کی خاتون ڈائریکٹر جنرل سپریہ ساہو نے نیلم شرما کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے اور انہیں ایک اہم اینکر قرار دیا ہے۔ انہوں نے دوردرشن کو ایک الگ شناخت دی۔
پرسار بھارتی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ششی شیکھر نے نیلم شرما کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی موت دور درشن کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 17 Aug 2019, 6:10 PM