رام مندر تعمیر کے لیے اب بیرون ممالک سے چندہ درکار! شری رام جنم بھومی ٹرسٹ نے اجازت کے لیے دی درخواست

شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے خزانچی سوامی گووند دیو گری نے میڈیا کو بتایا کہ ٹرسٹ کو ملک بھر میں لوگوں اور الگ الگ اداروں سے بطور عطیہ اب تک 3200 کروڑ روپے سے زیادہ حاصل ہو چکے ہیں۔

تصویر بذریعہ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹوئٹر ہینڈل
تصویر بذریعہ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹوئٹر ہینڈل
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ عظیم الشان مندر کی تعمیر کے لیے اب بیرون ممالک سے چندہ درکار ہے۔ اسی لیے تو رام مندر کے ٹرسٹ یعنی شری رام جنم بھومی ٹرسٹ نے اب بیرون ممالک سے چندہ لینے کی اجازت حکومت کے متعلقہ محکمہ سے مانگی ہے۔ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے خزانچی سوامی گووند دیو گری نے بتایا کہ نیاس نے بیرون ملکی چندہ (ریگولیٹری) ایکٹ کے تحت دنیا کے الگ الگ حصوں میں لوگوں کی طرف سے جمع چندہ قبول کرنے کی اجازت کے لیے درخواست دی ہے۔

خزانچی سوامی گووند دیو گری نے میڈیا کو بتایا کہ ٹرسٹ کو ملک بھر میں لوگوں اور الگ الگ اداروں سے بطور عطیہ اب تک 3200 کروڑ روپے سے زیادہ حاصل ہو چکے ہیں۔ رام مندر تعمیر کے لیے بیرون ممالک میں مقیم ہندوستانیوں نے بھی عطیہ اکٹھا کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹرسٹ ان عطیات کو اکٹھا کرنا شروع کرے گا۔ اس کے لیے ہم نے بیرون ملکی عطیہ (ریگولیٹری) ایکٹ (ایف سی آر اے) کی اجازت کے لیے درخواست دے دی ہے۔ ہمیں جلد ہی اجازت مل جائے گی۔


مہاراشٹر کے پونے گئے سوامی گری کا کہنا ہے کہ ٹرسٹ کو لگاتار عطیات مل رہے ہیں۔ اب رام مندر کا کام بھی تقریباً پورا ہو گیا ہے۔ لوگ مندر میں تعاون دینے کے لیے پرجوش ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ پیسہ کو لے کر ٹرسٹ کو کوئی کمی نہیں ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ ہیریٹج ہینڈ ویونگ ریوائیول چیریٹیبل ٹرسٹ اور شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ نے رام للا کے لیے ’لباس‘ بنانے کے لیے ’دو دھاگے شری رام کے لیے‘ پہل کی شروعات کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔