عید کے دن سے آندھرا پردیش، مغربی بنگل کے علاوہ سبھی ریاستیں گھریلو پرواز وں کے لئے تیار
آندھراپردیش نے حالانکہ 26 مئی سے اور مغربی بنگال نے 28 مئی سے پرواز شروع کرنے کی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
آندھرا پردیش اور مغربی بنگال کے علاوہ سبھی ریاستیں آج عید کے دن سے گھریلو پرواز دوبارہ شروع کرنے پر رضامند ہوگئیں ہیں۔ ممبئی۔ چنئی، مغربی بنگال اورآندھراپردیش میں پروازوں کی تعداد ایک تہائی سے بھی کم ہوگی۔
شہری پرواز کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کل بتایا کہ گھریلو پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے سلسلے میں مختلف ریاستوں کی حکومتوں کے ساتھ دن بھر ان کی بات چیت کے بعد سبھی ریاستوں نے اس پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
آندھراپردیش نے حالانکہ 26 مئی سے اور مغربی بنگال نے 28 مئی سے پرواز شروع کرنے کی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ دیگر ریاستوں میں کل سے پروازیں شروع ہوں گی۔ مرکزی حکومت نے پہلے سمر شیڈول کے مقابلے میں ابھی ایک تہائی پروازوں کی اجازت دی تھی۔ لیکن آندھرا پردیش حکومت نے کہا ہے کہ وہ 26 تاریخ سے محدود پروازوں کی اجازت دے گی۔ اسی طرح مغربی بنگال حکومت نے بھی 28 مئی سے محدود پروازوں کے لئے منظوری دی ہے۔
تمل ناڈو نے چنئی ہوائی اڈے پر روزانہ محض پچیس پروازوں کو اترنے کی منظوری دی ہے جبکہ ریاست نے دیگر ہوائی اڈوں کے معاملے میں وہ مرکزی حکومت کے ایک تہائی پروازوں کی تجاویز کو تسلیم کرلیا ہے۔ اسی طرح مہاراشٹر حکومت نے بھی کہا ہے کہ وہ ممبئی ہوائی اڈے پر محدود پروازوں کی اجازت دے گی جبکہ ریاست کے دیگر ہوائی اڈوں پر مرکز کے ایک تہائی پروازوں کی تجویزکو قبول کرے گی۔
مسٹر پوری نے بتایا کہ وزارت شہری پرواز نےچھوٹے اور متوسط شہروں کو ہوائی نٹ ورک سے جوڑنےوالی حکومت کی علاقائی رابطہ منصوبہ ’اڑے دیش کا عام ناگرک‘ کے تحت پرواز شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس میں شمال مشرق کی ریاستوں، پہاڑی علاقوں اور جزیروں کو جوڑنے والی پروازوں کو ترجیح دی جائے گی۔ پہلے محدود تعداد میں پروازیں شروع کی جائیں گی اور رفتہ رفتہ ان کی تعداد بڑھائی جائے گی۔
واضح رہے کہ حکومت نے 25 مئی سے گھریلو پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ شہری ہوابازی کی ڈائرکٹوریٹ کے سرکلر میں کہا گیا ہےکہ ابھی پہلے سے منظور سمر شیڈول کے مقابلے میں ایک تہائی پروازیں شروع کی جائیں گی۔ علاقائی رابطہ کے تحت مختص راستوں پر پروازوں کی تعداد میں کمی کا حق حالانکہ ائر لائن کمپنیوں کو نہیں دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔