ملک بھر کے ڈاکٹر اپنے ساتھیوں کے خلاف لاٹھی چارج پر برہم، 29 دسمبر سے تمام خدمات بند کرنے کا اعلان
ڈاکٹروں نے اس ہڑتال کا اعلان دہلی پولس کی جانب سے احتجاجی ڈاکٹروں پر لاٹھی چارج کے خلاف کیا ہے، 29 دسمبر کی صبح 8 بجے سے کوئی طبی خدمات فراہم نہیں کی جائیں گی
نئی دہلی: ڈاکٹروں کی انجمن ’فیڈریشن آف آل انڈیا میڈیکل ایسوسی ایشن‘ (فائما) نے 29 دسمبر سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ 29 دسمبر کی صبح 8 بجے سے کوئی طبی خدمات فراہم نہیں کی جائیں گی۔ ڈاکٹروں نے اس ہڑتال کا اعلان دہلی پولس کی جانب سے احتجاجی ڈاکٹروں پر لاٹھی چارج کے خلاف کیا ہے۔
فائما کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں ہمارے ساتھی ڈاکٹر اپنے جائز مطالبات کے لیے احتجاج کر رہے ہیں، ان کے خلاف پولیس نے جس طرح وحشیانہ لاٹھی چارج کیا ہے، وہ حیران کن ہے۔ یہ شرمناک ہے کہ پولیس نے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں پر لاٹھی چارج کیا اور خواتین ڈاکٹروں کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔ آخر کس کو توقع تھی کہ پولیس اس نہج تک جا سکتی ہے۔
فائما نے پولیس کے لاٹھی چارج کی مذمت کی ہے اور ساتھ ہی ان پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جن کے حکم پر ڈاکٹروں پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ جس طرح کی ویڈیوز اور رپورٹس سامنے آئی ہیں وہ خوفناک ہیں، جس سے یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا ہم دوبارہ اس وحشیانہ دور کی طرف جا چکے ہیں کہ انتظامیہ کو محسوس ہوتا ہے کہ وہ جو چاہے کر سکتی ہے، کیا اختلاف رائے کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی ہے؟
ہم انتظامیہ کو بتانا چاہتے ہیں کہ فائما اور ہماری اتحادی آر ڈی اے (ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن) نے اب تک بہت تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، ہم نے ایمرجنسی سروسز بند نہیں کیں۔ لیکن انتظامیہ اور حکومت نے اب ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں چھوڑا ہے۔ اگر انتظامیہ یہ سمجھتی ہے کہ وہ جو چاہے کرے اور کچھ ہونے والا نہیں ہے تو اس کا خیال غلط ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ تمام ڈاکٹرز اتحاد کا مظاہرہ کریں، اپنے ان ساتھیوں کے ساتھ تعاون کریں جن پر بے رحمی سے لاٹھی چارج کیا گیا، سڑکوں پر گھسیٹا گیا اور حراست میں لیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔