بازار بند نہ رکھیں، امن کے ساتھ نماز جمعہ ادا کر کے گھروں کو لوٹ جائیں، علمائے کرام کی مسلمانوں سے اپیل
اتر پردیش کے سنبھل میں مسلم مذہبی رہنماؤں اور علمائے کرام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بازار بند نہ رکھیں اور امن کے ساتھ جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ جائیں
سنبھل: نماز جمعہ سے پہلے سنبھل میں کئی مسلم مذہبی رہنماؤں اور علمائے کرام نے مسلمانوں سے بڑی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بازار بند نہ رکھیں اور امن کے ساتھ نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد گھروں کو لوٹ جائیں۔ سنبھل میں تقریباً ایک درجن مسلم مذہبی رہنماؤں نے اس طرح کی اپیل کی ہے۔
غورطلب ہے کہ کانپور میں گزشتہ جمعہ کو ہوئے تشدد کے بعد اتر پردیش میں پولیس انتظامیہ آج نماز جمعہ کے حوالہ سے ہائی الرٹ پر ہے۔ سنبھل میں بھی پولیس انتظامیہ نے کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری تیاری کر لی ہے۔ نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق جمعہ کی نماز سے پہلے سنبھل کے مسلم مذہبی رہنماؤں نے ضلع مجسٹریٹ منیش بنسل اور پولیس سپرنٹنڈنٹ جگدیش مشرا کو ایک مکتوب پیش کیا ہے، جس میں نوپور شرما کی گرفتاری اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سنبھل کے ایک درجن مسلم مذہبی رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کر کے مسلمانوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ جن علما کی جانب سے بیان جاری کی گئی ہے ان میں شہر امام آفتاب حسین وارثی، عیدگاہ کے امام سلیمان اشرف، مفتی اعظم قاری علاؤ الدین کے علاوہ مختلف مدارس کے مولانا کرام، مولانا اشرف، مولانا برق اور حاجی احتشام کے نام شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔