رحمان تھرٹی اور رحمان فاؤنڈیشن کے توسط سے پرنو کمار کے ہاتھوں راشن کٹس تقسیم

عبیدالرحمان نے کہا کہ ہم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے جن کے گھر سے کسی مرد کا انتقال ہوگیا ہے ان کے گھر میں کچھ مہینوں کا راشن مہیا کریں تاکہ ان کو کھانے پینے کی تکلیف سے بچایا جاسکے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

نئی دہلی/ پٹنہ: رحمان تھرٹی اور رحمان فاؤنڈیشن نے پٹنہ کے پھلواڑی شریف میں سیکڑوں لوگوں کو اور خاص طور پر ان لوگوں کو جن کے پاس بی پی ایل کارڈ نہیں ہیں، سپرتھرٹی کے آنند کمار کے بھائی پرنو کمار کے توسط سے راشن کٹس تقسیم کیے اور آئندہ اس سلسلہ کو جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔ پرنو کمار سپرتھرٹی کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور مشہور سماجی کارکن ہیں۔

رحمان تھرٹی اور رحمان فاؤنڈیشن کے چیرمین عبیدالرحمان نے کہا کہ رحمان فاؤنڈیشن نے ذات پات، مذہب اور علاقہ سے اوپر کام کرنے کا تہیہ کیا ہے اور اس میں ہمیں تمام طبقوں کا تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے توسط سے سپرتھرٹی کے سربراہ آنند کمار کے بھائی پرنو کمار نے جس طرح دلچسپی لیکر لوگوں کے گھر گھر تک راشن کٹس پہنچایا ہے وہ بے حد قابل ستائش ہے اور ہم ان کا دلی شکریہ ادا کرتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ راشن کٹس صرف غریبوں تک ہی پہنچے اس کے لئے پہلے سروے کیا گیا اور فہرست سازی کی گئی۔ اس کام میں بھی پرنو کمار نے اپنا اہم کرادار ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ ہم اس کے ذریعہ انسانی فلاح و بہبود کے ساتھ مشترکہ تہذیب اور گنگا-جمنا تہذیب کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں پٹنہ اور آس پاس کے علاقوں، اسپتالوں میں، کورنٹائن میں موجود مریضوں کو فوڈ پیکیٹ پہنچانے کے ساتھ اب مستقل طور پر رحمان فاؤنڈیش اور رحمان تھرٹی نے غریبوں کو راشن پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں اس بات کا خیال رکھا جا رہا ہے کہ راشن ان لوگوں تک بھی پہنچے جو مانگ نہیں سکتے، یا بی پی ایل کارڈ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے رحمان فاؤنڈیشن کے سلم علاقے کا سروے کیا ہے اور ان تمام لوگوں کی نشان دہی کی ہے جو ضرورت مند ہیں یا خط افلاس سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایسے لوگوں کی بڑی تعداد ہے جن کے پاس بی پی ایل کارڈ نہیں ہیں، جس کی وجہ سے وہ سرکاری سہولتوں سے محروم ہیں اور کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے ان تک سرکاری راشن نہیں پہنچ پاتا ہے۔ ایسے لوگوں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔


عبیدالرحمان نے کہا کہ ہم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے جن کے گھر سے کسی مرد کا انتقال ہوگیا ہے ان کے گھر میں کچھ مہینوں کا راشن مہیا کریں تاکہ ان کو کھانے پینے کی تکلیف سے بچایا جاسکے۔ اس کے علاوہ ان کی فلاح و بہبود کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے اس پر بھی ہم لوگ پروگرام بنا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔