یوپی حکومت کے وزرا میں قلمدانوں کی تقسیم، کیشو پرساد دیہی ترقی اور برجیش پاٹھک صحت کی ذمہ داری سنبھالیں گے
یوپی میں حلف برداری کے تین دن بعد تمام وزرا میں قلمدارنوں کی تقسیم کر دی گئی ہے، نائب وزرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریہ محکمہ دیہی ترقی اور نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک محکمہ صحت کی ذمہ داری سنبھالیں گے
لکھنؤ: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کے روز اپنے نئے مقرر کردہ وزراء میں قلمدان تقسیم کر دئے اور سب سے زیادہ ذمہ داریاں اپنے ہاتھ میں رکھیں۔ سرکاری پریس بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے داخلہ، ویجیلنس، محصولات، جنرل ایڈمنسٹریشن، اطلاعات، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ، انسٹیٹیوشنل فنانس، سیکریٹریٹ ایڈمنسٹریشن، کان کنی، فوڈ سکیورٹی، ہاؤسنگ، سول ایوی ایشن اور قانون سمیت دیگر محکموں کو اپنے پاس رکھا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ کیشو موریہ کو دیہی ترقی، دیہی انجینئرنگ، قومی یکجہتی، فوڈ پروسیسنگ اور تفریحی ٹیکس کی ذمہ داری فراہم کی گئی ہے۔ موریہ کے پاس سابقہ حکومت میں پی ڈبلیو ڈی کا سب سے اہم قلمدان تھا۔
دوسرے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک کو طبی تعلیم، صحت اور خاندانی بہبود کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ پارلیمانی امور اور مالیات کا قلمدان سینئر وزیر سریش کھنہ کے پاس رہے گا۔ سوریہ پرتاپ شاہی کو اپنا محکمہ زراعت حاصل ہوا، جبکہ سوتنتر دیو سنگھ کو سب سے اہم جل شکتی وزارت فراہم کی گئی ہے۔
بے بی رانی موریہ کو خواتین و اطفال کی بہبود کا محکمہ دیا گیا ہے جبکہ چودھری لکشمی نارائن کو گنے کی ترقی کی وزارت کا چارج دیا گیا ہے۔ دھرم پال سنگھ کو ڈیری ڈیولپمنٹ کی ذمہ حاصل ہوئی، جبکہ جیویر سنگھ کو سیاحت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
جتن پرساد کو محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کا اہم قلمدان سونپا گیا ہے، جبکہ نند گوپال نندی کو صنعتی ترقی کا قلمدان دیا گیا ہے۔ سنجے نشاد کو ماہی پروری کا محکمہ الاٹ کیا گیا ہے، جبکہ آشیش پٹیل کو تکنیکی تعلیم حاصل ہوا ہے۔ نتن اگروال کو ایکسائز ڈیوٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
سابق آئی پی ایس افسر اسیم ارون کو سماجی بہبود کی وزارت دی گئی ہے، جبکہ دیا شنکر سنگھ کو ٹرانسپورٹ کی وزارت دی گئی ہے۔ واحد مسلم وزیر دانش آزاد کو محکمہ اقلیتی بہبود کا انچارج بنایا گیا ہے۔
جیویر سنگھ محکمہ سیاحت اور ثقافت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ بھوپیندر سنگھ چودھری کو پنچایتی راج محکمہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ راکیش سچن کو مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز، کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز، سیریکلچر، ہینڈلوم اور ٹیکسٹائل انڈسٹریز کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔