دلجیت دوسانجھ لائیو کنسرٹ: ٹکٹوں کی ہو رہی بلیک مارکیٹنگ، 5 ریاستوں میں ای ڈی کی چھاپہ ماری
کولڈ پلے اور دلجیت دوسانجھ کے شو ’میوزک آف دی اسفیئرز ورلڈ ٹور‘ کے آفیشل ٹکٹنگ پارٹنرز ’بُک مائی شو‘ اور ’زومیٹو لائیو‘ نے بتایا کہ ان کے پلیٹ فارم سے کچھ ہی منٹوں میں تمام ٹکٹ فروخت ہو گئے۔
مشہور پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ اور کولڈ پلے کے لائیو کنسرٹ کی ٹکٹوں کو غیر قانونی طریقے سے فروخت کر کے لاکھوں روپے کی کمائی کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم نے 5 ریاستوں میں چھاپے مارے ہیں۔ چھاپہ ماری کے دوران دھوکہ دہی میں استعمال ہونے والے بہت سارے مواد ضبط کیے گئے ہیں۔
کولڈ پلے اور دلجیت دوسانجھ کے شو ’میوزک آف دی اسفیئرز ورلڈ ٹور‘ کے آفیشل ٹکٹنگ پارٹنرز ’بُک مائی شو‘ اور ’زومیٹو لائیو‘ نے بتایا کہ ان کے پلیٹ فارم سے کچھ ہی منٹوں میں تمام ٹکٹ فروخت ہو گئے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ ہوئی ہے۔ شکایت ملنے کے بعد ای ڈی نے تحقیقات شروع کر دی۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی نے اس سلسلے میں 5 ریاستوں میں چھاپے ماری کی ہے۔
غیر قانونی طریقے سے ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق ’بُک مائی شو‘ نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ شکایت کے بعد ای ڈی نے منی لانڈرنگ ایکٹ-2002 (پی ایم ایل اے) کے تحت تحقیقات شروع کر دی۔ 5 ریاستوں میں 13 سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ چھاپہ ماری دہلی، ممبئی، جئے پور، چنڈی گڑھ اور بنگلورو میں ہوئی ہے۔ اس دوران ای ڈی نے کئی موبائل فون، لیپ ٹاپ اور سم کارڈ بھی ضبط کیے ہیں۔
چھاپے ماری کے بعد ای ڈی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک کی کئی ریاستوں میں کنسرٹ کی بلیک ٹکٹنگ کے حوالے سے ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی، جن میں ’میوزک آف دی اسفیئرز ورلڈ ٹور‘ کے آفیشل ٹکٹنگ پارٹنر ’بُک مائی شو‘ کی جانب سے بھی ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ درج کردہ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ’’کچھ لوگ ٹکٹوں کی زیادہ طلب کو دیکھتے ہوئے غیر قانونی طور پر ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کر رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔