بہار کا المیہ: ایک طرف سیلاب سے تباہی، دوسری طرف بارش کے لئے دعائیں!

اعداد و شمار کی بات کریں تو بہار کے 38 اضلاع میں سے سیمانچل علاقہ میں آنے والے 13 اضلاع سیلاب کی زد میں ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: صوبہ بہار عموماً ہر سال قدرتی آفت کا شکار ہوتا ہے لیکن سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ایک طرف جہاں بہار کے 13 اضلاع سیلاب کی زد میں ہیں، وہیں کم و بیش ہندوستان کی تمام ریاستوں کے کسان معمول سے کم بارش ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں۔

بہار کی ستم ظریفی یہ ہے کہ نیپال میں ہو رہی لگاتار بارش سے ریاست کا ایک بڑا حصہ سیلاب کے سبب پانی میں ڈوب گیا ہے تو وہیں باقی اضلاع کے لوگ قحط سے پریشان ہیں اور بارش کے لئے دعائیں مانگ رہے ہیں۔


نیپال کے ترائی علاقوں میں ہو رہی بارش کی وجہ سے نیپال سے آنے والی ندیوں میں تغیانی آئی ہوئی ہے۔ بہار کی کوسی ندی کے علاوہ باگمتی، بوڑھی گنڈک، للبکیا، کملا بلان میں تقریباً ہر سال سیلاب آتا ہے جس کے سبب ہر سال وہاں کے لوگوں کا جان و مال کا بھاری نقصان ہوتا ہے۔ اعداد و شمار کی بات کریں تو بہار کے 38 اضلاع میں سے سیمانچل علاقہ میں آنے والے 13 اضلاع سیلاب کی زد میں ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بہار کی راجدھانی پٹنہ، گیا، نوادہ، نالندہ، جموئی، اورنگ آباد اور بیگو سرائے سمیت کل 14 اضلاع قحط کی مار جھیل رہے ہیں۔ ان میں سے بیگوسرائے قحط سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ جون مہینے میں لو اور قحط کی وجہ سے کئی اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی تھی۔ ان اضلاع میں حالات تاحال بہتر نہیں ہو سکے ہیں۔


محکمہ زراعت کے اعداد و شمار کے مطابق 21 جولائی تک بیگو سرائے میں معمول سے 60 فیصد کم بارش ہوئی، جبیہ شیخ پورہ اور روہتاس میں 56 فیصد، ارول میں 48 فیصد، بانکا میں 47 فیصد، اورنگ آباد میں 44 فیصد، نوادہ میں 42 فیصد اور گیا میں معمول سے 42 فیصد کم بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ جہان آباد، جموئی، لکھی سرائے اور منگیر میں کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

موسمیاتی مرکز کا کہنا ہے کہ مانسون ابھی فعال ہے اور کچھ مقامات پر بہتر بارش کی امید ہے۔ دھان کا کٹورا کہے جانے والے روہتاس اور اورنگ آباد میں بھی اس سال بارش کم ہوئی ہے۔ اورنگ آباد کے کھیرا گاؤں کے کسان شیام جی پانڈے نے آئی اے این ایس کو بتایا، ’’دو چار دن پہلے بارش ہوئی تھی۔ کھیت میں دھان کی بوائی بھی ہو گئی ہے لیکن ڈر ہے کہ کہیں مانسون دغا نہ دے دے۔‘‘


ادھر بہار کا شمالی حصہ گزشتہ تقریباً 15 دنوں سے بے حال ہے۔ سڑکوں پر پانی بہہ رہا ہے اور کھیت ڈوب گئے ہین۔ گھروں کے اندر پانی بھر گیا ہے اور بازار و گلیاں پانی کی وجہ سے بند ہیں۔

بہار کے آفات انتظامی محکمہ کے مطابق ’’بہارکے 13 اضلاع شیوہر، سیتامڑھی، مظفرپور، ایسٹ چمپارن، مدھوبنی، دربھنگہ، سپول، کشن گنج، ارریہ، پورنیہ، کٹیہار اور ویسٹ چمپارن میں سیلاب سے اب تک 127 لوگوں کی موت ہوگئی ہے جبکہ 8283000 سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔