وکاس دوبے انکاؤنٹر: دگ وجے سنگھ نے عدالتی جانچ کا کیا مطالبہ
دگوجے سنگھ نے سوال اٹھایا ہے کہ گزشتہ تین چار روز میں وکاس دوبے کے دو دیگر ساتھیوں کا بھی انکاؤنٹر ہوا ہے لیکن سبھی انکاؤنٹر کا طریقہ ایک جیسا کیوں ہے؟
بھوپال: کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ نے مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ سے گینگسٹر وکاس دوبے کی گرفتاری کے معاملے میں عدالتی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ دگوجے سنگھ نے ٹوئٹر کے ذریعہ کہا ہے کہ یہ پتہ لگانا ضروری ہے کہ وکاس دوبے نے مدھیہ پردیش کے اجین مہاکال مندر کو ہی خودسپردگی کے لئے کیوں منتخب کیا۔ مدھیہ پردیش میں کون سے طاقتور لوگوں کے بھروسے وہ یہاں اترپردیش سے انکاونٹر سے بچنے کے لئے آیا تھا۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ "میں شیوراج سے وکاس دوبے کی گرفتاری یا خودسپردگی کی عدالتی جانچ کی مانگ کرتا ہوں۔ اس گینگسٹر کے کس لیڈر اور پولس اہلکاروں سے تعلقات ہیں ان سب کی جانچ ہونی چاہیے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "عدالتی تحویل میں رکھتے ہوئے اس کی پختہ حفاظت کی جانی چاہیے تھی تاکہ حقیقت سامنے آسکے۔ جس کا شبہ تھا وہ ہوگیا۔ وکاس دوبے کا کس کس سیاسی لوگوں، پولس اور دیگر سرکاری افسران سے رابطہ تھا، اب پتہ نہیں چل سکے گا۔" ساتھ ہی دگوجے سنگھ نے سوال اٹھایا کہ گزشتہ تین چار روز میں وکاس دوبے کے دو دیگر ساتھیوں کا بھی انکاؤنٹر ہوا ہے لیکن سبھی انکاؤنٹر کا طریقہ ایک جیسا کیوں ہے؟
یہ بھی پڑھیں : طلبا کو بغیر امتحان کے پاس کرے یو جی سی: راہل گاندھی
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔