بزنس میں نقصان سے بچانے کے نام پر 'ڈیجیٹل تانترک' نے کاروباری کو 65 لاکھ روپے کا چونا لگایا
مسلسل پیسوں کی ڈیمانڈ سے پریشان ہو کر متاثر کاروباری کے ذریعہ حضرت گنج کوتوالی میں مقدمہ درج کرانے کے بعد پولیس معاملے کی تفتیش میں لگ گئی ہے۔
ڈیجیٹلائزڈ ہوتی جا رہی اس دنیا میں اب اس سے جڑے کئی ایسے نئے نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں جو ہمیں حیران ہونے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ اس کڑی میں ایک نیا معاملہ اور جڑ گیا ہے جسے 'ڈیجیٹل تانترک' کا نام دیا جا رہا ہے۔ یوپی کی راجدھانی لکھنؤ سے یہ حیران کر دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ جہاں ایک ڈیجیٹل تانترک نے بزنس میں نقصان سے بچانے اور کالے جادو کا خوف دکھا کر ایک کاروباری سے 65 لاکھ روپے ٹھگ لیے۔
اطلاع کے مطابق ہیمنت کمار نامی ایک کاروباری نے نقصان کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ایک 'تانترک' سے آن لائن رابطہ قائم کیا۔ پریشانی سے نجات دلانے کے لیے بتائے گئے طریقوں کو پورا کرنے کے لیے کاروباری نے 'تانترک' کو وقت وقت پر کافی روپے دیے۔ الزام ہے کہ رفتہ رفتہ ڈیجیٹل ٹھگ نے مسئلہ کا حل کرنے کے نام پر کاروباری سے 65 لاکھ روپے تک ہڑپ لیے اور آگے بھی روپیوں کا مطالبہ کرتا رہا۔ آخر میں پریشان ہو کر متاثر کاروباری نے حضرت گنج کوتوالی میں مقدمہ درج کرایا جس کے بعد اس ڈیجیٹل فراڈ کے معاملے کا انکشاف ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : نوئیڈا میں پراپرٹی تنازعہ پر ایک شخص کا گولی مار کر قتل
جانکاری کے مطابق کاروبار میں مسلسل نقصان کے بعد ہیمنت کمار نے آن لائن ایک اچھے 'جیوتش' کی تلاش شروع کردی، جس کے دوران اسے ایک ایسٹرولوجر کے بارے میں پتہ چلا۔ کاروباری نے اس سے رابطہ کیا، جس پر پہلی فیس کے طور پر 11 ہزار روپے کا مطالبہ ہوا۔ ہیمنت نے روپے اکاؤنٹ سے ٹرانسفر کر دیا۔ اس کے بعد دیگر خرچ بتاتے ہوئے اور پیسوں کا مطالبہ ہوا اور ہیمنت لگاتار پیسے ٹرانسفر کرتا رہا، جو رقم آخر میں 65 لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ روپیوں کا مطالبہ مسلسل بڑھتے جانے سے پریشان ہوکر آخر میں کاروباری ہیمنت نے اس کی شکایت پولیس سے کی۔ پولیس افسران کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے ساتھ ہی بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی دیکھی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔