کہاں ہے حکومت؟ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور حکومت نے اس سارے معاملے پر ایک پر اسرار خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔
گھریلو بازار میں ڈیزل کی قیمت میں منگل کو مسلسل 13ویں روز اضافہ ہوا جبکہ پٹرول کی قیمت میں بھی مسلسل چھٹے روز اضافہ دیکھنے کو ملا۔ راجدھانی دہلی میں ڈیزل کی قیمت میں 19 پیسے کا اضافہ ہوا جس سے اس کی قیمت 66 روپے فی لیٹر کے نزدیک پہنچ گئی ہے۔ منگل کو دہلی میں ڈیزل کی قیمت 65.90 روپےفی لیٹر رہی۔ صنعتی شہر ممبئی میں ڈیزل میں 20 پیسے کے اضافہ سے اس کی قیمت 69.01 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔ دونوں بڑے شہروں میں پٹرول کی قیمت بالترتیب 71.27 اور 76.90 روپے فی لیٹر رہی۔ کولکتہ اور چنئی میں ڈیزل کی قیمتیں بالترتیب 67.68 اور 69.62 روپے اور پٹرول کی قیمت بالترتیب 73.36 اور 73.99 فی لیٹر تک پہنچ گئی۔
راجدھانی سے متصل گروگرام اور نوائیڈہ میں ڈیزل بالترتیب 65.67 اور 64.93 روپے فی لیٹر رہا۔ پٹرول یہاں بالترتیب 71.99 اور 70.84 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا۔
ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ منگل کے روز بھی جاری رہا۔ اس سے قبل پیر کو بھی پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا۔ دہلی میں پٹرول کی قیمت 71 روپے کے اوپر چلی گئی تھی۔ بازار پر گہری نظر رکھنے والے بتاتے ہیں کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی کا رخ بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ اس مہنگائی سے صارفین کو روزانہ دھچکا پہنچ رہا ہے اور فی الحال اس سے نجات کا راستہ بھی نظر نہیں آ رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔