تصور نہیں کیا تھا کہ ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ بنیں گے: شرد پوار

’’میں ایکناتھ شندے کو ان کی نئی ذمہ داری کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔ انھوں نے اتنی بڑی تعداد میں اراکین اسمبلی کو گواہاٹی لے جانے کی طاقت دکھائی۔ انھوں نے لوگوں کو شیوسینا چھوڑنے کے لیے راغب کیا۔‘‘

شرد پوار، فائل فوٹو
شرد پوار، فائل فوٹو
user

قومی آواز بیورو

ایکناتھ شندے کے وزیر اعلیٰ بننے کے ساتھ ہی مہاراشٹر کا سیاسی بحران ختم ہو چکا ہے۔ حالانکہ جس حیرت انگیز طریقے سے ایکناتھ شندے کے وزیر اعلیٰ بننے کی خبر سامنے آئی، اس نے بڑے سے بڑے سیاسی ماہر کو بھی ششدر کر دیا۔ این سی پی سربراہ اور سیاست کی نبض پر بہترین گرفت رکھنے والے شرد پوار نے بھی اعتراف کیا کہ انھیں ایکناتھ شندے کے وزیر اعلیٰ بننے کی امید نہیں تھی۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’میں نے تصور نہیں کیا تھا کہ ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔ آج کسی نے نہیں سوچا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں۔‘‘

اپنے بیان کے دوران شرد پوار نے ایکناتھ شندے کے لیے کچھ طنزیہ جملے بھی کہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں ایکناتھ شندے کو ان کی نئی ذمہ داری کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔ انھوں نے اتنی بڑی تعداد میں اراکین اسمبلی کو گواہاٹی لے جانے کی طاقت دکھائی۔ انھوں نے لوگوں کو شیوسینا چھوڑنے کے لیے راغب کیا۔‘‘ اس کے ساتھ ہی شرد پوار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی شکل میں کام کرنے والے نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ دیویندر فڑنویس نے یہ مثال ضرور پیش کی ہے، لیکن ان کے چہرے پر یہ صاف دکھائی دے رہا ہے کہ وہ خوش نہیں ہیں۔


واضح رہے کہ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے شام 7.30 بجے کے بعد جنوبی ممبئی واقع راج بھون میں ایکناتھ شندے اور دیویندر فڑنویس کو بالترتیب وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف دلایا۔ چار بار رکن اسمبلی رہے شندے نے ٹھانے ضلع میں آنجہانی شیوسینا لیڈروں بال ٹھاکرے اور اپنے سیاسی گرو آنند دیگھے کو خراج عقیدت پیش کر حلف برداری کی شروعات کی۔ شندے کے حامیوں نے حلف برداری ختم ہونے کے بعد چھترپتی شیواجی مہاراج، شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے اور دیگھے کی ’جئے کار‘ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ شندے نے حلف برداری تقریب کے بعد کہا کہ ’’ریاست کی ترقی میری ترجیح ہے۔ میں سماج کے سبھی طبقات کو ساتھ لے کر چلوں گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔