کیا فڑنویس نے مہاراشٹر میں ای وی ایم ’مینیج‘ کروا لی ہیں؟ اشوک چوہان کا سوال

اشوک چوان نے دیویندر فڑنویس پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ فڑنویس کا یہ دعویٰ کہ ’ریاست کا اگلا سی ایم میں ہی ہوں گا‘ یہ شک پیدا کرتا ہے کہ آیا انہوں نے ای وی ایم مینیج کروا لی ہیں؟۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/AshokChavanINC">@AshokChavanINC</a>
تصویر / @AshokChavanINC
user

یو این آئی

ممبئی: سابق وزیراعلیٰ اشوک چوہان نے ریاستی وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں ابھی اسمبلی کا الیکشن نہیں ہوا اس کے باوجود فڑنویس کا یہ دعویٰ کہ ’ریاست کا اگلا سی ایم میں ہی ہوں گا‘ یہ شک پیدا کرتا ہے کہ آیا مہاراشٹر اسمبلی کے لئے انہوں نے ای وی ایم مینیج کروا لی ہیں؟۔

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ اشوک چوہان مہاڈ میں ’جن سنگھرش یاترا‘ کے دوران منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں لندن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ 2014 کے پارلیمانی انتخاباب میں بی جے پی نے مبینہ طور پر ووٹنگ سسٹم کو ہیک کرلیا تھا، اس خبر سے ملک بھر میں ہنگامہ برپا ہے۔ اشوک چوہان اسی بنیاد پر بی جے پی پر تنقید کر رہے تھے۔

اشوک چوہان نے کہا کہ 2014 کے انتخاباب میں بی جے پی نے ’کانگریس مکت بھارت‘ کا نعرہ دیا تھا۔ لیکن بی جے پی وشیوسینا کے دورِ اقتدار میں عوام اب بی جے پی مکت بھارت کا نعرہ لگانے لگی ہے۔جوکہ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان کے نتائج سے یہ ثابت ہوجاتا ہے۔

اس موقع پر اشوک چوہان نے آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری کے عہدے پر پرینکا گاندھی کی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرینکا گاندھی کو پارٹی میں ذمہ داری دیئے جانے کا مطالبہ کانگریسی کارکنان کررہے تھے۔ پرینکا گاندھی نے جنرل سکریٹری کے عہدے کے ساتھ مشرقی اترپردیش کے نگراں کے عہدے کی ذمہ داری قبول کی ہے، جس کی وجہ سے کارکنان میں نہایت جوش وخروش ہے اور آنے والے انتخابات میں اس کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔

اشوک چوہان نے کہا کہ بی جے پی و شیو سینا کی مرکزی و ریاستی حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انتخابات کے عین موقع پر سیمنٹ کی سڑکیں بنانے کا ٹھیکہ دے کر کنٹریکٹروں کو فائدہ پہونچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آنے والے دنوں میں عوام کو گمراہ کرنے اور خود کی تشہیر کے لئے کچھ مزید فیصلے لئے جائیں گے، کچھ اعلانات کیے جائیں گے۔ لیکن اب عوام ان کے گمراہ کن باتوں کا شکار نہیں ہوگی۔ کیونکہ کسانوں کی قرض معافی، روزگار کی دستیابی، مہنگائی، لاء اینڈ آرڈر جیسے محاذ پر حکومت کی ناکامی کو عوام ساڑھے چار سال سے جھیل رہی ہے۔ اس لئے آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے نائب صدر اور سابق کابینہ وزیر محمد عارف نسیم خان نے بھی بی جے پی و شیوسینا پر زبردست تنقید کی اور کہا کہ ان کے پاس فرقہ پرستی اور ووٹوں کے پولرائزیشن کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے وہ مرکزی حکومت ہو یا پھر ریاستی، ان کے پاس ایسا کوئی کام نہیں ہے جن کی بنیاد پر یہ عوام کے درمیان جاسکیں۔ انہوں نے عوام کو اگر کچھ دیا ہے تو وہ مہنگائی، بیروزگاری اورفرقہ پرستی ہے۔ نسیم خان نے کہا کہ ملک وریاست کی عوام اب بی جے پی وشیوسینا کی چالوں کو اچھی طرح سمجھ چکی ہے اور وہ اب ان کی شکار نہیں ہونے والی ہے۔ ہم پوری ریاست میں دیکھ رہے ہیں کہ بی جے پی وشیوسینا کے خلاف عوام میں زبردست ناراضگی ہے اور یہ ناراضگی ووٹنگ کے دن عوام نکالے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔