مندر وہیں بنائیں گے، تاریخ نہیں بتائیں گے، انتخابات میں پھر آئیں گے: یوگیند یادو

وی ایچ پی کی جانب سے منعقد ’وراٹ دھرم سبھا‘ کے پیش نظر دہلی پولس نے آج علی الصبح ایک ایڈوائزری بھی جاری کیا ہے جس میں کئی راستوں پر گاڑیوں کے چلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

09 Dec 2018, 7:09 PM

کسانوں کے مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے اٹھایا رام مندر معاملہ...یوگیندر

نئی دہلی: کسانوں کی تحریک کے روح رواں اور سوراج انڈیا کے قومی صدر یوگیندر یادونے اتوار کو کہا کہ کسانوں اور بے روزگار نوجوانوں کے مسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کی غرض سے ہر الیکشن کی طرح اس بار بھی 2019 کے عام انتخابات کے مدنظر رام مندر کا معاملہ اچھالا جا رہا ہے۔

یوگیندر یادو نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ کسان تحریک نے اب وسیع ترشکل اختیار کرلی ہے اور حال ہی میں دہلی منعقد کسان ریلی میں ملک بھر سے آئے کسانوں نے اپنی آواز بلند کی۔ انھوں نے زور دیا کہ اس سے ثابت ہوگیا کہ کسانوں کا مسئلہ ان کا اپنا خود کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے اور اسی ریلی کے جواب میں آج دہلی کے رام لیلا میدان میں رام بھکتوں کو جمع کیا جارہا ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ رام مندر کی تعمیر کی حمایت کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ملک میں رام مندر ہزاروں کی تعداد میں ہیں اور بہت سے لوگوں کی عقیدت بھی ہے لیکن یہ رام مندر کی تعمیر کا جو معاملہ ہے وہ انتخابی فائدہ حاصل کرنے کی غرض سے ہے اور جب بھی کوئی انتخاب نزدیک آتا ہے اس معاملے کو زور شورسے اچھالا جاتا ہے۔

انھوں نےکسی سیاسی پارٹی یاتنظیم کا نام لیے بغیر طنزیہ انداز میں کہا کہ ’’مندر وہیں بنائیں گے،ڈیٹ نہیں بتائیں گے، انتخابات میں پھر آئیں گے ۔‘‘ انھوں نے کہا کہ رام مندر کو موضوع بنانے والوں کی یہی پالیسی ہے۔

آئندہ لوک سبھا انتخابات کے مدنظر مختلف پارٹیوں کے عظیم اتحاد میں اپنی پارٹی کے شامل ہونے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے یادو نے کہا کہ عظیم اتحاد بنانے والوں کی کوئی پالیسی، کوئی واضح نظریہ نہیں ہے اور اس میں ملک کے مفاد کے بجائے صرف سیٹوں کا بٹورا ہی اہم ہے۔

09 Dec 2018, 3:09 PM

بھیک نہیں مانگ رہے، رام مندر پر جلد قانون بنائے حکومت: آر ایس ایس

وی ایچ پی کی دھرم سبھا میں آر ایس ایس رہنما بھیا جی جوشی نے کہا، "ہم چاہتے ہیں جو بھی ہو امن سے ہو، جھگڑا کرنا ہوتا تو انتظار نہیں کرتے، اس لئے تمام لوگ اس میں مثبت پہل کریں، ہمارا کسی کے ساتھ تنازعہ نہیں، رام راجیہ میں ہی امن و سکون ہے"

آر ایس رہنما بھیا جی جوشی نے کہا، "عدالت کی ساکھ بنی رہنی چاہیے، جس ملک میں عدالت پر سے یقین کم ہوتا ہے اس کی ترقی ہونا ناممکن ہے، لہذا عدالت کو جذبات کا احترام کرنا چاہیے، ملک پر حملہ کرنے والوں کے نشانات مٹنے چاہیے"۔

09 Dec 2018, 2:09 PM

رام مندر کی تعمیر کے لئے رام لیلا میدان میں وی ایچ پی کی مہا ریلی

نئی دہلی: وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے مطالبے پرا توار کو دارالحکومت کے رام لیلا میدان میں ' دھرم سنسد' کے نام سے عام ریلی چل رہی ہے۔

وی ایچ پی کے جوائنٹ سکریٹری سریندر جین نے یہاں کہا کہ " دھرم سنسد کا مقصد رام مندر تعمیر کے لئے تمام سیاسی جماعتوں پر دباؤ ڈالنا ہے تاکہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں رام مندر کی تعمیر کے لئے بل منظور کروایا جا سکے"۔

وی ایچ پی کے ترجمان ونود بنسل نے کہا کہ "یہ بہت بڑی ریلی ہوگی۔ یہ عام ریلی رام مندر کی تعمیر کے لئے پارلیمنٹ میں بل نہ لانے والوں کا ارادہ بدل دے گی۔

پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 11 دسمبر سے شروع ہو جائے گا اور اسی دن دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی بھی شروع ہوگی۔


09 Dec 2018, 1:26 PM

سرمائی اجلاس میں رام مندر کے لئے حکومت قانون بنائے، وی ایچ پی کا مطالبہ

دہلی کے رام لیلا میدان میں رام مندر تعمیر کو لے کر دھرم سبھا چل رہی ہے، اس دوران وی ایچ پی نے سرمائی اجلاس میں رام مندر تعمیر کے لئے حکومت سے قانون بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

09 Dec 2018, 12:16 PM

وراٹ دھرم سبھا رام مندر تعمیر پر آرڈیننس کے مخالفین کا ذہن بدلے گا: وی ایچ پی

عدالت سے امید ختم، رام مندر تعمیر کے لئے قانون بنانا ضروری

آر ایس ایس کے سر سنگھ چالک بھیا جی جوشی نے دھرم سبھا سے خطاب کرتے ہوئے اپنا ایجنڈا واضح کر دیا۔ انہوں نے کہہ دیا کہ اب رام منر تعمیر کے لئے مرکز میں بیٹھی حکومت کو قانون بنانا ہوگا اور ان کو عدالت سے کوئی امید نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کب تک رام عارضی جگہ رہ سکتے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ عالیشان رام مندر تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے کہا حکومت اپنا وعدہ پورا کرے۔

وی ایچ پی ترجمان ونود بنسل نے وراٹ دھرم سبھا کے تعلق سے کہا کہ ”رام لیلا میدان میں دھرم سنسد کو آر ایس ایس کے کارگزار سربراہ سریش بھیا جی جوشی خطاب کریں گے۔ یہ عظیم الشان ریلی ہے جو ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے آرڈیننس لانے کی حمایت نہیں کرنے والے سبھی لوگوں کا ذہن تبدیل کرے گا۔“


09 Dec 2018, 10:28 AM

دہلی کا رام لیلا میدان بھگوا رنگ سے شرابور، رام بھکت لگا رہے نعرے

رام لیلا میدان میں جگہ جگہ بھگوا پرچم لہا رہا ہے اور یہاں جمع ہوئے رام بھکت رام مندر تعمیر سے متعلق نعرے لگاتے ہوئے دیکھے جا رہے ہیں۔ وی ایچ پی کارکنان اور ہندوتوا تنظیموں سے منسلک لوگوں کی یہاں آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اس وراٹ دھرم سبھا میں جونا اکھاڑا کے پیٹھادھیشور مہامنڈلیشور اودھیشانند گری، شری جگناتھ پیٹھادھیشور جگت گرو راماننداچاریہ سوامی ہنسدیواچاریہ، مہامنڈلیشور سوامی گیانانند، پرمانند جی، سادھوی رتمبھرا، آر ایس ایس سے منسلک سریش بھیا جی جوشی، وی ایچ پی کے بین الاقوامی صدر وشنو سداشیو کوکجے اور کارگزار صدر آلوک کمار سمیت کئی لوگ شامل ہوں گے۔

09 Dec 2018, 9:45 AM

رام لیلا میدان بھگوا رنگ سے شرابور، دہلی پولس نے جاری کی ایڈوائزری

وی ایچ پی کی جانب سے رام مندر تعمیر کے لیے مودی حکومت پر دباو بنانے کے مقصد سے 9 دسمبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں وراٹ دھرم سبھا کا انعقاد ہو رہا ہے جس کے لیے سبھی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور رام لیلا میدان کی دیواریں بھگوا نظر آ رہی ہیں۔ رام لیلا میدان اور اس کے آس پاس بھگوا پرچم بھی خوب لہراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس دھرم سبھا کے لیے وی ایچ پی نے یکم دسمبر سے ہی عوامی رابطہ قائم کرنا شروع کر دیا تھا اور اس کا دعویٰ ہے کہ 5 لاکھ سے زیادہ رام بھکت اس تقریب میں شامل ہوں گے۔ سوشل میڈیا پر 9 دسمبر کی صبح بھی اس دھرم سبھا میں شامل ہونے کے لیے لوگوں سے اپیل کی جا رہی ہے۔

اس دھرم سبھا کے پیش نظر دہلی پولس نے آج علی الصبح ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے جس میں کئی راستوں پر گاڑیوں کے چلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کثیر تعداد میں لوگوں کی ریلی رام لیلا میدان کے لیے نکلے گی اس لیے گرو نانک چوک سے بارا کھمبا روڈ تک رنجیت سنگھ فلائی اوور، وویک آنند مارگ، جواہر لال نہرو مارگ (راج گھاٹ سے دہلی گیٹ)، کملا مارکیٹ سے گرو نانک چوک، رام لیلا میدان کے وی آئی پی گیٹ واقع چمن لال مارگ پر ٹریفک کی اجازت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ بھی کئی سڑکوں اور فلائی اوور پر ٹریفک کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔