طیارہ میں لگاتار تکنیکی خرابی کا سامنا کر رہے ’اسپائس جیٹ‘ کے خلاف ڈی جی سی اے نے اٹھایا سخت قدم

ڈی جی سی اے نے اسپائس جیٹ کی 50 فیصد پروازوں پر 8 ہفتے کے لیے پابندی لگا دی ہے، جاری حکم میں یکم اپریل سے 5 جولائی کی تاریخ کے درمیان اسپائس جیٹ طیاروں میں آئی خرابیوں کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔

اسپائس جیٹ، تصویر یو این آئی
اسپائس جیٹ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

ڈی جی سی اے (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایویشن) نے طیارہ میں لگاتار تکنیکی خرابی کا سامنا کر رہے ’اسپائس جیٹ‘ کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ ڈی جی سی اے نے اسپائس جیٹ کی 50 فیصد پروازوں پر 8 ہفتے کے لیے پابندی لگا دی ہے۔ ڈی جی سی اے کی طرف سے جاری ایک عبوری حکم میں یکم اپریل سے 5 جولائی کی تاریخ کے درمیان اسپائس جیٹ طیاروں میں آئی خرابیوں کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔

ڈی جی سی اے نے کہا کہ اسپائس جیٹ ایک محفوظ، معیاری اور قابل اعتماد ہوائی خدمات پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ جاری حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایئرلائن اسے (تکنیکی خرابی) روکنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے، لیکن اسے ایک محفوظ اور قابل اعتماد ہوائی خدمات پیش کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو بنائے رکھنے کی ضرورت ہے۔


قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 2 جولائی کی ہی بات ہے جب اسپائس جیٹ کی دبئی-مدورائی پرواز میں طیارہ کے اگلے پہیہ میں خرابی آ گئی تھی۔ اس سے پہلے کئی ایسے حادثات ہوئے ہیں جس میں طیاروں پر سوال اٹھے۔ ڈی جی سی اے نے 6 جولائی کو طیارہ میں تکنیکی خامی سے متعلق آٹھ واقعات پر اسپائس جیٹ کو ’وجہ بتاؤ نوٹس‘ جاری کیا تھا۔ ہوابازی ریگولیٹری نے کہا تھا کہ سستی خدمات پیش کرنے والی کمپنی حفاظت، بااثر اور قابل اعتماد ہوائی خدمات مہیا کرانے میں ناکام رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔