مذہب میں ’بھکتی‘ روح کو سکون پہنچانے والا راستہ، سیاست میں ’بھکتی‘ زوال اور تاناشاہی کی راہ: کھڑگے

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس بابا صاحب کے آئین کو آر ایس ایس کے آئین سے بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن کانگریس ایسا نہیں ہونے دے گی۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج اپنے ایک بیان میں مذہب اور سیاست میں ’بھکتی‘ کا فرق سمجھایا اور کہا کہ اس کو نہیں سمجھا گیا تو خطرناک ہو سکتا ہے۔ انھوں نے بی آر امبیڈکر اسمارک جا کر انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ایک ٹوئٹ کیا جس میں کہا کہ ’’مذہب میں بھکتی روح کو سکون پہنچانے کا راستہ ہو سکتی ہے۔ لیکن سیاست میں بھکتی یا ہیرو کی پوجا زوال اور تاناشاہی کی ایک یقینی راہ ہے۔‘‘

ملکارجن کھڑگے نے آج مولانا ابوالکلام آزاد کی مزار پر بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ اس سلسلے میں انھوں نے ٹوئٹ کر بتایا کہ ’’ایک انقلابی مجاہد آزادی اور ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم مولانا آزاد ہمارے ملک کی جمہوری اور سیکولر ساکھ میں یقین کرتے تھے اور مذہبی بنیاد پر ملک کی تقسیم کے نظریات کے سخت مخالف تھے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نومنتخب قومی صدر ملکارجن کھڑ گے جب ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم اور کانگریس کے سابق صدر مولانا ابوالکلام آزاد کے مزار پر گلپوشی کے لیے پہنچے تو اس موقع پر راجیہ سبھا رکن ناصر حسین اور کانگریس کمیٹی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے قومی صدر و راجیہ سبھا رکن عمران پرتاپ گڑھی موجود بھی موجود تھے۔

مذہب میں ’بھکتی‘ روح کو سکون پہنچانے والا راستہ، سیاست میں ’بھکتی‘ زوال اور تاناشاہی کی راہ: کھڑگے

واضح رہے کہ اسی ماہ کانگریس صدر انتخاب میں فتحیاب ہونے کے بعد بدھ کو ملکارجن کھڑگے نے نئے صدر کے طور پر ذمہ داری سنبھالی۔ انھوں نے بی جے پی اور آر ایس ایس کی نفرت پر مبنی سیاست کے خلاف جنگ لڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ’’بی جے پی اور آر ایس ایس بابا صاحب کے اائین کو آر ایس ایس کے آئین سے بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن کانگریس ایسا نہیں ہونے دے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔