برطانیہ میں اومیکرون کی تباہ کاری، ایک دن میں کورونا کے 88 ہزار سے زیادہ مریض، ہندوستان کو بھی خطرہ لاحق
کورونا کا اومیکرون ویرینٹ ہندوستان میں جہاں اب تک 11 ریاستوں میں پھیل چکا ہے اور ملک میں 87 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، وہیں برطانیہ میں ایک ہی دن میں کورونا کے 88 ہزار سے زیادہ معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے
نئی دہلی: کورونا کے انفیکشن نے دنیا کو بری طرح متاثر کیا ہوا ہے اور ایک مرتبہ پھر کیسز کی رفتار میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا کا اومیکرون ویرینٹ ہندوستان میں جہاں اب تک 11 ریاستوں میں پھیل چکا ہے اور ملک میں 87 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، وہیں برطانیہ میں گزشتہ روز کورونا کے 88 ہزار سے زیادہ معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ جبکہ انفیکشن سے ایک دن میں 146 لوگوں کی جان چلی گئی۔
بھارت کی وہ 11 ریاستیں جو اومیکرون ویرینٹ کی زد میں آ چکی ہیں وہ مہاراشٹر، راجستھان، دہلی، کیرالہ، گجرات، کرناٹک، تلنگانہ، مغربی بنگال، آندھرا پردیش، پنجاب اور تمل ناڈو ہیں۔ کورونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ کی شناخت گزشتہ سال 20 دسمبر کو ہوئی تھی اور اس کے چند ماہ بعد یعنی اپریل 2021 میں ڈیلٹا ہی کی وجہ سے کورونا کی دوسری لہر نے ہندوستان میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو متاثر کیا تھا۔ اب اس سال دسمبر کے مہینے میں اومیکرون خطرے کے طور پر سامنے آیا ہے۔
برطانیہ میں جمعرات کو کورونا کے 88376 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی۔ یہ تعداد بدھ کے روز کے مقابلہ 10 ہزار زیادہ ہے۔ خیال رہے کہ برطانیہ میں رواں سال جنوری میں تقریباً 88 ہزار کیسز کی تصدیق کی گئی تھی۔ برطانیہ میں اومیکرون کے معاملوں کی تعداد 12 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
ادھر، امریکہ میں بھی کورونا کے معاملوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد روزانہ دوگنی ہو رہی ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کا اومیکرون ویرینٹ امریکہ میں مزید تیزی سے پھیلنے والا ہے، لہذا احتیاط ضروری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔