’راجدھانی میں بیٹھنے کی تمھاری اوقات نہیں‘، ٹی ٹی ای نے دھکّا مار کر مزدوروں کو ٹرین سے اتارا
مزدوروں کا کہنا ہے کہ کنفرم سیٹ ہونے اور ٹکٹ دکھائے جانے کے بعد ٹی ٹی ای نے انھیں ٹرین سے یہ کہتے ہوئے اتار دیا کہ ’’اس ٹرین میں بیٹھنے کی تمھاری اوقات نہیں ہے۔‘‘
راجدھانی ایکسپریس ٹرین میں سفر کے دوران دو مزدوروں کے ساتھ ٹی ٹی ای کے ذریعہ بے عزتی کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جھارکھنڈ کے کوڈرما اسٹیشن پر ان مزدوروں نے ٹی ٹی ای کے خلاف شکایت درج کرائی ہے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ کنفرم سیٹ ہونے اور ٹکٹ دکھائے جانے کے بعد ٹی ٹی ای نے انھیں ٹرین سے یہ کہتے ہوئے اتار دیا کہ ’’اس ٹرین میں بیٹھنے کی تمھاری اوقات نہیں ہے۔‘‘
ہندی اخبار ’دینک بھاسکر‘ نے مزدوروں کی شکایت پر مبنی ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈی آر ایم نے معاملہ کی جانچ کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ قصوروار ٹی ٹی ای کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق جن دو مزدوروں کو راجدھانی ٹرین سے اتارا گیا ان کے نام رام چندر اور اجے یادو ہیں۔ یہ دونوں نئی دہلی-بھونیشور راجدھانی ٹرین سے وجے واڑا جا رہے تھے۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ صبح 5.22 بجے کوڈرما اسٹیشن پر ٹی ٹی ای نے دونوں کو ٹرین سے دھکا مار کر اتار دیا۔ ٹی ٹی ای نے کہا کہ ’’تم لوگ چھوٹا آدمی ہو۔ تیری اوقات نہیں کہ راجدھانی جیسی وی آئی پی ٹرین میں چڑھو۔ اس ٹرین میں افسر رینک کے اور بڑے لوگ سفر کرتے ہیں۔ چلو اترو ٹرین سے۔‘‘
مزدوروں کے مطابق ٹی ٹی ای نے انھیں خوب برا بھلا کہا اور دھمکی آمیز لہجہ میں یہاں تک کہا کہ ’’زیادہ گال بجایا اور ٹرین سے نہیں اترے تو پانچ ہزار روپے کا فائن کاٹ دیں گے۔‘‘ بتایا جاتا ہے کہ دونوں مزدور اپنا ٹکٹ دکھاتے ہوئے ٹرین سے نہیں اتارنے کی گزارش کرتے رہے، لیکن ٹی ٹی ای نے ان کی ایک نہ سنی۔ پھر دونوں مزدور کوڈرما اسٹیشن پر اتر گئے اور سیدھے اسٹیشن ماسٹر کے چیمبر میں پہنچے۔ وہاں انھوں نے ’کمپلین بُک‘ میں پورا واقعہ تفصیل سے لکھ دیا۔ اسٹیشن منیجر اے کے سنگھ کا کہنا ہے کہ مسافر مزدوروں کی شکایت سینئر افسروں کے پاس بھیج دی گئی ہے۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق دونوں مزدور وجے واڑا کے نینور جا رہے تھے جہاں وہ پوکلین آپریٹر کا کام کرتے ہیں۔ مزدوروں کا کہنا ہے کہ ٹھنڈ میں سفر کو آسان بنانے کے لیے انھوں نے راجدھانی ٹرین میں سیٹ بکنگ کروائی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔