کورونا انفیکشن نہیں ہونے کے باوجود ٹیسٹ رپورٹ آئی پازیٹو، لیب پر 99 ہزار روپے ہرجانہ کا دعویٰ

ممبئی باشندہ وکیل وندنا شاہ کی ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آئی تھی، لیکن کچھ شبہات کی بنا پر انھوں نے دوسرے لیب میں کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا جہاں رپورٹ نگیٹیو برآمد ہوئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کورونا کے بڑھتے معاملوں کے درمیان اسپتالوں اور لیباریٹریز کی بدانتظامی کی خبریں بھی لگاتار سامنے آ رہی ہیں۔ ہر طرف افرا تفری کا ماحول ہے اور مہاراشٹر میں تو صورت حال انتہائی تشویشناک ہے۔ اس ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد اور ہلاکتوں کی تعداد ہندوستان کی دیگر ریاستوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ اس درمیان ممبئی کے ایک وکیل کے ذریعہ ایک لیب پر کورونا ٹیسٹ میں لاپروائی برتے جانے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس وکیل کو کورونا انفیکشن نہیں ہوا تھا، اس کے باوجود ٹیسٹ رپورٹ میں اس کے پازیٹو ہونے کی بات لکھی گئی تھی۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد وکیل نے لیب پر 99 ہزار روپے ہرجانہ ادائیگی کا دعویٰ ٹھوکا ہے۔

دراصل ممبئی باشندہ وکیل وندنا شاہ کا سیمپل لوور پریل علاقہ واقع ایک لیب میں 13 مئی کو جمع کیا گیا تھا۔ 15 مئی کو انھیں بتایا گیا کہ وہ کورونا پازیٹو ہیں۔ اگلے ہی دن بی ایم سی نے ان کے بنگلے کو سیل کر دیا اور اس کے بعد ان کے گھر کو کنٹنمنٹ زون قرار دے دیا گیا۔ اس وقت تک وندنا شاہ کو ٹیسٹ رپورٹ کی فیزیکل کاپی نہیں ملی تھی، بلکہ انھیں بتایا گیا تھا کہ ٹیسٹ رپورٹ ان کے ڈاکٹر کو ای میل کر دی گئی ہے۔


بتایا جاتا ہے کہ رپورٹ میں سیمپل کلیکشن کی غلط تاریخ دکھائی گئی تھی۔ انھوں نے 13 مئی کو سیمپل دیا تھا، لیکن رپورٹ میں تاریخ 14 مئی درج تھی۔ شبہ ہونے پر وندنا شاہ نے دوسرے لیب سے دوبارہ ٹیسٹ کروایا جو نگیٹیو برآمد ہوا۔ گویا کہ وندنا شاہ کو کورونا انفیکشن نہیں تھا۔

اس بات کا پتہ چلنے کے بعد وندنا شاہ نے لیب کو قانونی نوٹس بھیجا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ کورونا کو لے کر اس نے غلط رپورٹ دی۔ شاہ نے لیب پر لاپروائی برتنے اور ذہنی تکلیف پہنچانے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ انھوں نے لیب سے اس غلطی کے لیے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بطور ہرجانہ 99 ہزار روپے ادائیگی کے لیے بھی کہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔