سابق نائب صدر حامد انصاری پر تضحیک آمیز تبصرہ، کانگریس کی وزیر اعظم پر تنقید، کارروائی کا مطالبہ

رمیش نے 8 جولائی کو لکھے گئے خط میں دعویٰ کیا کہ جس طرح سے وزیر اعظم مودی نے انصاری پر حملہ کیا ہے، آج تک کسی وزیر اعظم نے لوک سبھا کے کسی سابق اسپیکر یا راجیہ سبھا کے سابق چیئرمین پر حملہ نہیں کیا

<div class="paragraphs"><p>جے رام رمیش / آئی اے این ایس</p></div>

جے رام رمیش / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سابق نائب صدر حامد انصاری کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز ریمارکس کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف استحقاق کی خلاف ورزی کی کارروائی شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ مطالبہ راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر کو لکھے گئے خط میں کیا۔

راجیہ سبھا کے رکن جے رام رمیش نے اس خط کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’آج جب غیر حیاتیاتی وزیر اعظم بین الاقوامی سطح پر اپنے گرتے قد کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس وقت میں نے راجیہ کے چیئرمین کو ایک خط لکھ کر راجیہ سبھا کے سابق چیئرمین ڈاکٹر حامد انصاری کے خلاف توہین آمیز بیان پر استحقاق کی خلاف ورزی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بیان 2 جولائی 2024 کو لوک سبھا میں دیا تھا۔‘‘


رمیش نے 8 جولائی کو لکھے گئے خط میں دعویٰ کیا کہ جس طرح سے وزیر اعظم مودی نے انصاری پر حملہ کیا ہے، آج تک کسی وزیر اعظم نے لوک سبھا کے کسی سابق اسپیکر یا راجیہ سبھا کے سابق چیئرمین پر حملہ نہیں کیا تھا۔ راجیہ سبھا کے رکن رمیش نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم مودی نے نہ صرف اپنے عہدہ کے وقار کو نچلی سطح پر پہنچا دیا ہے بلکہ پارلیمانی روایات اور ضابطوں کو بھی توڑا ہے۔

انہوں نے دھنکھڑ پر زور دیا کہ وہ وزیر اعظم کے خلاف ان کے "تضحیک آمیز ریمارکس" کے لیے استحقاق کی خلاف ورزی کی کارروائی شروع کریں۔

وزیر اعظم مودی نے صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کا جواب دیتے ہوئے 2 جولائی کو لوک سبھا میں کہا تھا، ’’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ وہ (اپوزیشن) کتنے نمبروں کا دعوی کرتے ہیں، جب ہم 2014 میں راجیہ میں آئے تھے۔ تو راجیہ سبھا میں ہماری طاقت بہت کم تھی اور (اس وقت کے) چیئرمین کسی حد تک دوسری طرف مائل تھے لیکن ہم فخر کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے کے اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے۔‘‘


انہوں نے کہا تھا، ’’میں ملک کے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ جو فیصلہ آپ نے لیا ہے، جو حکم آپ نے ہمیں دیا ہے اس کی خدمت کریں، نہ مودی اور نہ ہی یہ حکومت ایسی کسی رکاوٹ سے ڈرے گی۔ ہم ان عزائم کو پورا کر کے ہی دم لیں گے جن کے لئے ہم نکلے تھے۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے کسی کا نام نہیں لیا تھا لیکن سابق نائب صدر انصاری اگست 2012 سے اگست 2017 تک راجیہ سبھا کے چیئرمین رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔