سری نگر میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر شیخ عمران پیپلز کانفرنس میں شامل
سری نگر میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر شیخ محمد عمران نے جمعہ کے روز جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی۔
سری نگر: سری نگر میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر شیخ محمد عمران نے جمعہ کے روز جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی۔
پیپلز کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شیخ عمران نے پارٹی چیئرمین سجاد غنی لون، جنرل سکریٹری عمران رضا انصاری، میئر سری نگر جنید عظیم متو اور سابق ممبر اسمبلی کپوارہ بشیر احمد ڈار کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ بتادیں کہ پیپلز کانفرنس کے لیڈر اور سری نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو اور شیخ عمران کے درمیان اختلافات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں جس کے باعث دونوں آئے روز خبروں میں رہتے تھے۔ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف سڑکوں پر آکر بھی احتجاج درج کیا تھا۔ تاہم کچھ ہفتے قبل دونوں کی آپس میں دوستی ہوگئی۔
شیخ عمران کانگریس کے کونسلروں کی حمایت سے ڈپٹی میئر بنے ہیں اور وہ جنید متو کو ہدف تینقید بناتے ہوئے اکثر کہتے تھے کہ وہ بی جے پی کی 'بی' ٹیم یعنی پیپلز کانفرنس سے وابستہ ہیں۔شیخ عمران پر ماضی میں ایک بار کونسلروں کی ایک میٹنگ کے دوران حملہ بھی ہوا جس میں وہ زخمی ہوئے۔ دریں اثنا پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد لون نے شیخ عمران کو پارٹی میں خوش آمدید کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا 'خوش آمدید شیخ عمران، امید ہے کہ سری نگر میونسپل کارپوریشن کی نئی نوجوان ٹیم سری نگر کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے'۔
سری نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر اور پیپلز کانفرنس کے لیڈر جنید متو نے شیخ عمران کو پارٹی میں خوش آمدید کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا 'ڈپٹی میئر ایس ایم سی شیخ محمد عمران کا پارٹی میں خوش آمدید، پی سی سری نگر میونسپل کارپوریشن میں واحد اکثریت والی جماعت ہے اور شیخ عمران کا پارٹی میں شمولیت کرنا سری نگر اور تبدیلی کے لئے ایک خوش آئند خبر ہے'۔
پارٹی کے جنرل سیکریٹری عمران رضا انصاری نے بھی شیخ عمران کا پیپلز کانفرنس میں خیر مقدم کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شیخ محمد عمران نے گذشتہ ماہ 'چوکیدار' کے جواب میں اپنے نام کے آگے 'مجاہد' لکھنا شروع کردیا تھا۔ شیخ عمران نے اپنی ایک ویڈیو پیغام کہا تھا 'میں آج سے اپنا نام مجاہد شیخ عمران لکھنے والا ہوں اور ہر اُس جگہ جہاں میرا نام لکھا جائے گا یا میں اپنا نام لکھوں گا، میں نام کے آگے مجاہد لکھوں گا'۔ انہوں نے کشمیری نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں چوکیدار کا جواب مجاہد سے دینا چاہئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔