دہلی ایمبارکیشن پوائنٹ سے پہلی حج پرواز کی روانگی، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے شاندار افتتاحی تقریب کا کیا انعقاد
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’’حج بیت اللہ کے لیے جانے والے عازمین حج کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔‘‘
نئی دہلی: ہندوستان کے سب سے بڑے حج ایمبارکیشن پوائنٹ اندرا گاندھی انٹرنینشل ایئرپورٹ سے حج بیت اللہ کے لیے پروازوں کا سلسلہ 22 مئی 2023 سے شروع ہو گیا۔ اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کے استقبال کے لیے ایک شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مناکشی لیکھی، وزیر مملکت برائے امور خارجہ، حکومت ہند، قومی راجدھانی خطہ دہلی کے لیفٹینٹ گورنرونے کمار سکسینہ اور ہندوستان میں حکومت سعودی عربیہ کے سفیر صالح بن عبد الحسینی، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرکوثر جہاں موجود رہیں۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے امور خارجہ، حکومت ہند مناکشی لیکھی نے تقریب میں موجود عازمین کرام کو حج بیت اللہ پر روانگی کے لیے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی وزارت اور حکومت ہند کی جانب سے عازمین حج کو اندرون ہند اور سعودی عربیہ میں دوران قیام دی جانے والی تمام تر سہولیات کی بروقت فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب میں دہلی کے لیفٹینٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے بھی عازمین کو مبارکباد پیش کی اور دہلی ایمبارکیشن پوائنٹ سے حج بیت اللہ کے لیے روانہ ہونے والے صوبہ دہلی کے علاوہ دیگر چھ ریاستوں اترپردیش، اتراکھنڈ، ہریانہ، پنجاب، ہماچل پردیش، چنڈی گڑھ کے تقریباً 22 ہزار عازمین کے لیے دہلی سرکار اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
حکومت سعودیہ عربیہ کے ہندوستانی سفیر صالح بن عبد الحسینی نے حکومت سعودیہ عربیہ کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی اور بتایا کہ حکومت سعودی عربیہ نے گزشتہ برسوں میں بھی ہندوستانی عازمین حج کا پورا پورا خیال رکھا ہے اور اس سال بھی اس میں کسی قسم کی کوتاہی اور کمی واقع نہیں ہونے دی جائے گی۔
ایئر پورٹ پر منعقد ہونے والے اس افتتاحی تقریب میں حج کمیٹی کے ممبر محمد سعد اور دیگراسٹاف کی موجودگی میں سب سے پہلے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں اپنے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام تر معزز مہمانان اور شرکاء کا خیر مقدم کیا، جبکہ تقریب کی نظامت دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے کی۔ واضح ہوکہ حج فلائٹ کی دوسری پرواز صبح 11:30بجے جبکہ مزید پروازیں شام کے 06:30 اور رات 08:30 بجے روانہ ہوئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔