’دیوبند نے مذہب اور تعلیم کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو امن و ہم آہنگی کا پیغام دیا‘، سدبھاؤنا سنسد میں علماء کا اظہارِ خیال
شیخ الہند ہال میں منعقد سدبھاؤنا سنسد میں مہمان خصوصی مغربی بنگال حکومت میں کابینہ کے وزیر اور جمعیۃ علماء بنگال کے ریاستی صدر مولانا صدیق اللہ چودھری نے ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا۔
دیوبند: جمعیۃ علماء ہند کے سدبھاؤنا منچ کی جانب سے 29 اکتوبر کو دیوبند میں سدبھاؤنا سنسد کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں اور سرکردہ شخصیات نے شرکت کر کے متحدہ طور پر ملک میں امن و اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔ ساتھ ہی جمعیۃ علماء ہند کی سدبھاؤنا مہم کی تعریف کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ اس دوران سبھی مذاہب کے علماء نے ہاتھ اٹھا کر اتحاد کا پیغام بھی عام کیا۔
عیدگاہ روڈ پرواقع شیخ الہند ہال میں منعقد سدبھاؤنا سنسد میں مہمان خصوصی مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت میں کابینہ کے وزیر اور جمعیۃ علماء بنگال کے ریاستی صدر مولانا صدیق اللہ چودھری نے ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’دیوبند نے ہمیشہ بھائی چارے اور اتحاد کو مضبوط کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ اب ایک بار پھر دیوبند کے اوپر یہ بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک اور دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے وہی کردار ادا کرے جو اس کی تاریخ اور روایت ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’تمام ہندو اور مسلمانوں کو ملک میں امن اور بھائی چارے کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہیے اور دیوبند کی اس تاریخی سرزمین سے ہمیں متحدہ طور پر ملک کے اتحاد کو مضبوط کرنے کا پیغام دینا چاہیے۔‘‘
مولانا صدیق اللہ چودھری نے نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند سدبھاؤنا منچ قائم کر کے ملک کو ایک لڑی میں پرونے کا کام کر رہی ہے۔ ملک کی آزادی میں علمائے کرام کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وہ کہتے ہیں ’’ملک کو آزادی درحقیقت اتحاد کے سبب ملی تھی اور اب ایک مرتبہ پھر ملک کو اسی اتحاد کی ضرورت ہے۔‘‘
اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ دیوبند نے ہمیشہ اتحاد، امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے اور ایک بار پھر اسی جذبے کے ساتھ یہاں سے آواز بلند ہوئی ہے جو پورے ملک میں سنی جائے گی۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے 12 افراد پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے، جس میں 6 مسلم اور 6 غیر مسلم شامل ہیں، جو موجودہ نفرت کے دور کو ختم کرنے کے لیے کام کریں گے۔ اس طرح کی کمیٹیاں ملک بھر میں قائم کیے جائیں گے جو پورے ملک میں امن و سلامتی، بھائی چارے اور پیار و محبت کا پیغام دینے کے لئے کام کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ہند پورے ملک میں ایک ہزار سدبھاؤنا سنسد کا انعقاد کر رہی ہے اور اسی کے تحت آج کا دیوبند کا یہ پروگرام منعقد ہوا ہے۔
ایس پی دیہات سورج رائے نے اس سدبھاؤنا سنسد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی مضبوطی کے لئے خیرسگالی کا پیغام ضروری ہے۔ اس طرح کے پروگرام وقتاً فوقتاً منعقد ہونے چاہئیں تاکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی دوریاں ختم ہو سکیں اور ملک کی گنگا-جمنی تہذیب کو زندہ رکھا جا سکے۔
دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث، نائب صدر جمعیۃ علماء مولانا سلمان بجنوری نے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسئلہ ہندو-مسلمان کا نہیں ہے بلکہ اصل مسئلہ ہمارے ملک کا ہے اور اس کی بقاء اور تہذیب کو باقی رکھنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے پروگرام کا مقصد یہی ہے کہ ماحول کو خوشگوار بنایا جائے اور شرپسند عناصر کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔ تریپورہ بالاسندری دیوی مندر ٹرسٹ کے صدر پنڈت ستیندر شرما نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ملک کو متحد کرنے اور ملک کے امن اور بھائی چارے کو مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس کا یہ کام قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں پیدا ہو رہی دوریوں کو اس طرح کے پروگراموں سے ختم کیا جا سکتا ہے۔ اس لئے اس طرح کے پروگرام ہوتے رہنا چاہئے۔ کیونکہ متحدہ پیغام ہی ملک کی طاقت ہے۔ انہوں نے جمعیۃ علماء ہند کی اسکاؤٹ گائیڈ مہم کی تعریف کی اور اسکاؤٹ سینٹر میں رخنہ ڈالنے والوں پر سخت تنقید کی۔ ایس ڈی ایم سنجیو کمار اور سی او رام کرن سنگھ نے کہا کہ دیوبند نے ہمیشہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو مضبوط کرنے کے لیے کام کیا ہے اور اس کی آواز پوری دنیا میں سنی جاتی ہے۔ یہ ایک بہترین کوشش ہے، جس سے سماج میں پھیلی دوریاں ختم ہوں گی اور ایک اچھا پیغام جائے گا۔
ونود پرکاش گپتا، ڈاکٹر پردیپ ورما، دیپک راج سنگھل، اشوک گپتا، ڈاکٹر ڈی کے جین، کلدیپ کمار، چندن سنگھ رانا وغیرہ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ دیوبند نے مذہب اور تعلیم کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو امن و ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے۔ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے ضلع صدر مولانا ظہور احمد قاسمی، پروگرام کنوینر پرویندر کمار اور ضلع سکریٹری سید ذہین احمد نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے ہمیشہ ملک کو مضبوط کرنے کے لیے خیر سگالی کا پیغام دیا ہے۔ پرویندر کمار اور ذہین احمد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کی نظامت سید وجاہت شاہ نے کی اور مولانا سلمان بجنوری کی دعاء پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس موقع پرمولانا ابراہیم قاسمی، مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، مولانا شمشیر قاسمی، مفتی عارف مظاہری، قاری زبیر احمد قاسمی، نجم عثمانی، فیضی صدیقی، قاری ایوب، مولانا عبدالمنان، قاری محمد قاسم، قاری دلشاد، مولانا بلال احمد، مولوی فہیم احمد، انعام احمد، مولانا عرفان، محمد ہارون، سیٹھ عبدالرب اور قاری سیف الاسلام وغیرہ سمیت کثیر تعداد میں ہندو-مسلم سماج کی شخصیات نے شرکت کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔