دہلی کی ’انتہائی خراب‘ ہوا میں اتوار سے بہتری کا امکان

قومی دارالحکومت دہلی میں ہوا کا معیار ہفتہ کو بھی ’انتہائی خراب‘ زمرے میں رہا۔ قومی راجدھانی میں آج ہوا کے معیار کا انڈیکس 361 ریکارڈ کیا گیا

دہلی میں دیوالی کے بعد آلودگی کا منظر / تصویر قومی آواز / وپن
دہلی میں دیوالی کے بعد آلودگی کا منظر / تصویر قومی آواز / وپن
user

یو این آئی

نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں ہوا کا معیار ہفتہ کو بھی ’انتہائی خراب‘ زمرے میں رہا۔ قومی راجدھانی میں آج ہوا کے معیار کا انڈیکس 361 ریکارڈ کیا گیا۔ ایئر کوالٹی اینڈ ویدر فورکاسٹنگ اینڈ ریسرچ (ایس اے ایف اے آر ) نے یہ اطلاع دی۔ ایس اے ایف اے آر کے حکام کے مطابق اتوار سے دہلی میں ہوا کا معیار بہتر ہونے کی امید ہے لیکن شمال مغربی سمت سے تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے یہ ’خراب سے معتدل ‘ زمرے میں رہے گی۔

ایس اے ایف اے آر کے مطابق’’کھیتوں میں پرالی جلانے کے واقعات کم ہو کر 1077 رہ گئے ہے اور آج دہلی کا پی ایم 2.5 فیصد رہا ہے۔‘‘ دارالحکومت میں آج صبح تقریباً 11 بجے پی ایم 2.5 اور پی ایم 10 بالترتیب ’انتہائی بدترین‘ میں 185 اور ' بدترین ' زمرے میں 302 تھے۔ پی ایم 2.5 ہماری صحت کے لیے پی ایم 10 سے بھی زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے۔


دہلی کے کچھ علاقوں میں ہوا کے معیار کا انڈیکس ’سنگین ‘ زمرے میں پایا گیا۔ اشوک وہار میں ایئر کوالٹی انڈیکس 400، جہانگیر پوری میں 429، نریلہ میں 400، پنجابی باغ میں 402، روہنی میں 406 اور وویک وہار میں 413 ریکارڈ کیا گیا۔

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق این سی آر میں ہوا کے معیار کا انڈیکس انتہائی خراب زمرے میں پایا گیا جس میں فرید آباد میں 333، غازی آباد میں 351، گروگرام میں 338 اور نوئیڈا میں 411 تھا۔

بورڈ کے مطابق صفر اور 50 کے درمیان ہوا کے معیار کے انڈیکس کو ’اچھا‘، 51 اور 100 کے درمیان ’اطمینان بخش‘، 101 سے 200 کے درمیان ’معتدل‘، 201 اور 300 کے درمیان ’خراب‘، 301 اور 400 کے درمیان ’انتہائی خراب‘ سمجھا جاتا ہے جبکہ 401 اور 500 کے درمیان کو ’بدترین‘ سمجھا جاتا ہے۔

آلودگی سے نمٹنے کے لیے دہلی حکومت نے بدھ کے روز 10 رہنما خطوط جاری کیے، جن میں شہر میں غیر ضروری سامان لے جانے والے ٹرکوں کے داخلے پر پابندی اور اگلے احکامات تک اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنا شامل ہے۔ ریاستی حکومت نے اتوار تک شہر میں تعمیرات اور مسماری کی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی ہے۔ اس نے اپنے ملازمین کو اتوار تک گھر سے کام کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں آسمان عام طور پر ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ ہفتہ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ دارالحکومت دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.9 ڈگری سیلسیس رہا۔ آج صبح 8.30 بجے رطوبت کی سطح 85 فیصد رہی جبکہ حد نگاہ کم تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔