شیو کمار کو 10 دن کی ای ڈی حراست، گرفتاری کو راہل گاندھی نے بتایا انتقامی سیاست
گرفتار شدہ کانگریس رہنما شیو کمار کو آج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں 10 دن کی ایڈی حراست میں بھیج دیا گیا جبکہ راہل گاندھی نے ان کی گرفتاری کو انتقامی سیاست قرار دیا ہے۔
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے حکومت پر بدلے کے جذبے سے کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بدھ کو کہا کہ پارٹی کے سینئر لیڈر ڈی کے شیو کمار کو منی لانڈرنگ معاملے میں گرفتار کرنا بدلے کی سیاست کی تازہ مثال ہے۔ ادھر، گرفتار شدہ کانگریس رہنما شیو کمار کو آج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں 10 دن کی ایڈی حراست میں بھیج دیا گیا۔
منی لانڈرنگ کےمعاملے میں گرفتار کرناٹک کانگریس کے سینیئر رہنما ڈی کے شیوکمار کو بدھ کے روز خصوصی عدالت نے 13 ستمبر تک انفورسمنٹ ڈائریکٹویٹ (ای ڈی) کی حراست میں بھیج دیا۔
شیوکمار کو منگل کی رات گرفتار کیا گیا تھا۔ انھیں بدھ کے روز اسپیشل جسٹس اجے کمار کُہار کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ای ڈی نے شیوکمار سے پوچھ گچھ کےلیے 14 دن کی حراست درخواست کی تھی۔ ای ڈی نے کرناٹک میں کانگریس کے ’ہر مشکل میں کام آنے والے‘شیوکمار کی 14 دن کی حراست کی درخواست کرتے ہوئے دلیل دی کہ کچھ باتیں صرف انہیں ہی معلوم ہیں اور وہ تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔
دریں اثنا، راہل گاندھی نے ٹویٹ کر کے کہا ’’ڈی کے شیو کمار کی گرفتاری بدلے کی سیاست کی ایک اور مثال ہے ۔ حکومت انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور مرکزی تفتیشی بیورو جیسی ایجنسیوں اور’ ڈبو‘ میڈیا کا استعمال کر کے چن چن کر لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔‘‘
اس سے قبل کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا تھا کہ حکومت اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کو پریشان کر رہی ہے اور ان کے خلاف جھوٹے الزام لگا کر انہیں جیل میں ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے سابق وزیر اور پارٹی کے سینئر لیڈر ڈی کے شیو کمار کو بدلے کی سیاست کے سبب منی لانڈرنگ معاملے میں گرفتار کر کے بلا جواز تنگ کیا جا رہا ہے۔
شیو کمار کی جانب سے پیش وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے ان کی ضمانت کی عرضی دائر کی تھی۔ عدالت نے شیو کمار کی ضمانت کی عرضی کو خارج کرتے ہوئے انہیں 13 ستمبر تک ای ڈی کی حراست میں بھیجنے کا حکم دیا۔ عدالت میں پیش کرنے سے قبل شیوکمار کی رام منوہرلوہیا اسپتال میں طبی جانچ کروائی گئی۔ ای ڈی نے عدالت میں کہا کہ شیوکمار نے وزیر کے منصب پر رہتے ہوئے اپنے منصب کا غلط استعمال کیا۔
ای ڈی نے عدالت میں کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس کی تفتیش اور کئی گواہوں کے بیانوں سے شیو کمار کے خلاف اہم ثبوت ملے ہیں۔ دستاویز کی بنیاد پر شیوکمار سے پوچھ گچھ اور غیر قانونی اثاثے کی معلومات حاصل کرنے کے لیے حراست ضروری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Sep 2019, 8:10 PM