دہلی: ’اکبر روڈ‘ کا نام تبدیل؟، راتوں رات بنا ’مہارانا پرتاپ روڈ‘

دہلی کے ہمایوں پور میں واقع تغلق دور کے مقبرے کو مندر میں تبدیل کر دیا گیا اور اب شرپسندوں نے دہلی کے اکبر روڈ کے سائن بورڈ پر راتوں رات مہارانا پرتاپ روڈ لکھ دیا۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ملک میں ایک طرف فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگاڑنے کی کوششیں کی جار ہی ہیں تو دوسری طرف تاریخی مقامات اور علامتوں کو تبدیل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ ہفتہ خبر آئی تھی کہ دہلی کے ہمایوں پور میں واقع تغلق دور کے مقبرے کو مندر میں تبدیل کر دیا گیا اور اب شرپسندوں نے دہلی کے اکبر روڈ کے سائن بورڈ پر راتوں رات مہارانا پرتاپ روڈ لکھ دیا۔

دہلی کے مرکز میں واقع انڈیا گیٹ کے نزدیک واقع اکبر روڈ کے سائن بورڈ پر پیلے رنگ کی ایک پٹی پر لال رنگ سے مہارانا پرتاپ روڈ لکھا گیا ہے۔ واضح ر ہے کہ کانگریس کا دفتر بھی اکبر روڈ پر ہی واقع ہے۔ آج یعنی کہ 9 مئی کو مہارانا پرتاپ کی جینتی ہے اور کانگریس کی طرف سے ٹوئٹ کر کے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم سی کے ترجمان مہیندر سہراوت نے اس معاملہ پر بات کرتے ہوئے ’قومی آواز‘ کو بتایا کہ اکبر روڈ کا نام تبدیل کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام تبدیل کرنے کے کسی بھی فیصلے پر کونسل غور کرتی ہے اور ان کی معلومات میں ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے جب اکبر روڈ کے سائن بورڈ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ اس سے پہلے ستمبر 2017 میں بھی اس روڑ کے سائن بورڈ پر ایک ہندووادی تنظیم کی طرف سے کالک پوت دی گئی تھی، ساتھ ہی ایک پرچہ بھی چسپاں کیا گیا تھا جس پر اکبر روڈ کا نام مہارانا پرتاپ روڈ کرنے کی مانگ کی گئی تھی۔

دہلی: ’اکبر روڈ‘ کا نام تبدیل؟، راتوں رات بنا ’مہارانا پرتاپ روڈ‘
ستمبر 2017 کو اکبر روڈ کے سائن بورڈ پر کالک پوتی گئی تھی

اس وقت سائن بورڈ پر کالک پوتنے کا الزام ہندو سینا کے رکن وشنو گپتا پر عائد ہوا تھا۔ وشنو گپتا اسی طرح کے کئی معاملات میں گرفتار ہو چکا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولس نے سائن بورڈ پر چسپاں پوسٹر کو ہٹا دیا تھا۔

اس سے پہلے وقتاً فوقتاً ہندووادیوں کی طرف سے شہر کے صفدر ہاشمی روڈ، اورنگزیب روڈ سمیت کئی سائن بورڈوں کو بگاڑا گیا ہے۔ ہندووادی تنظیموں کی مانگ ہے کہ مغلیہ حکمرانوں کے نام کی جگہ سڑکوں کے نام ہندو راجاؤں اور شخصیات کے نام پر کر دئیے جائیں۔

یاد رہے اس سے قبل حکومت نے اورنگ زیب روڈ کا نام تبدیل کر کے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ کر دیا ہے۔


بعد ازاں پولس نے موقع پر پہنچ کر اکبر روڈ کے سائن بورڈ پر چسپا مہارانا پرتاپ روڈ کے پوسٹر کو ہٹوا دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 May 2018, 12:53 PM