دہلی: جامعہ نگر-شاہین باغ کے احتجاج میں شرکت کریں گے ذیشان ایوب

ذیشان ایوب نے دہلی یونیورسٹی کے کروڑی مل کالج سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے، اس سے قبل وہ دہلی یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں شامل ہوئے تھے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: سی اے اے اور این آر سی کے خلاف دہلی کے جامعہ نگر، شاہین باغ علاقہ میں گزشتہ تقریباً 15 دنوں سے احتجاج جاری ہے ۔ یہاں کے مظاہرین بالخصوص خواتین اور بچوں سے مختلف معروف ہستیاں یکجہتی کا اظہار کر رہی ہیں۔ بالی ووڈ کے متعدد اداکار شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف آواز اٹھانے والے مظاہرین کے درمیان نئے سال کا آغاز کر سکتے ہیں۔ اسی ضمن میں ذیشان ایوب نے دہلی کے جامعہ نگر اور شاہین باغ میں مظاہرین کے ساتھ سال نو کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رئیس، تنو ویڈس منو ریٹرن، جنت اور ٹیوب لائٹ جیسی دو درجن سے زیادہ فلموں میں کام کرنے والے ذیشان نے دہلی کے عوام کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا، ’’دہلی کے دوستو! کیوں نہ نیا سال شاہین باغ میں منایا جائے، میں وہاں رہوں گا، آپ لوگ بھی آ جائییں۔‘‘


ذیشان ایوب نے دہلی یونیورسٹی کے کروڑی مل کالج سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔ اس سے قبل وہ دہلی یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں شامل ہوئے تھے، جہاں انہوں نے کہا تھا کہ حکومت طلباء، قارئین، کتابوں اور لائبریری سے نفرت کرتی ہے!


ذیشان سے قبل فرحان اختر اور جاوید جعفری بھی شہریت ترمیمی قانون کے خلاف آواز اٹھا چکے ہیں۔ ہما قریشی، ریچا چڈھا، سورا بھاسکر جیسی اداکارائیں بھی سی اے اے کے خلاف بول رہی ہیں، جب کہ اداکار سوشانت سنگھ کو تو اس کی مخالفت کرنے پر کرائم شو ’ساودھان انڈیا‘ سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔ تاہم، ابھی تک صرف ذیشان ایوب ہی دہلی میں سی اے اے کے خلاف احتجاج کر رہے طلباء کے درمیان پہنچے ہیں۔

ذیشان ایوب دہلی یونیورسٹی، جامعہ نگر، شاہین باغ، جور باغ سمیت متعدد دیگر مقامات پر سی اے اے مخالف مظاہروں میں حصہ لیں گے۔ ذیشان کے علاوہ سابق مرکزی وزیر شرد یادو بھی منگل کے روز شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کرنے والے جامعہ کے مظاہرین کے درمیان پہنچ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔