دہلی میں پھر سے کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ، شفایابی کی شرح میں بہتری

دارالحکومت میں ممنوعہ علاقوں کی تعداد آج کم ہوکر 472 ہوگئی اور زیر علاج مریضوں کی تعداد گزشتہ روز کی 10،667 سے بڑھ کر 10،729 ہوگئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

قومی راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں میں پھر سے اضافہ ہونے سے لوگوں کے خدشات بڑھنا شروع ہوگئے ہیں، لیکن راحت کی بات یہ ہے کہ اتوار کے روز مریضوں کی شفایابی کی شرح میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

رواں ہفتے کے آغاز میں نئے معاملے ایک ہزار سے کم آنے اور صحت یاب ہونے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہونے سے راحت نظر آنے لگی تھی، لیکن اب پھر سے کورونا وائرس کے مریض بڑھ رہے ہیں اور اس کے مقابلے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد کم رہنے سے شفایابی کی شرح پر بھی اثر پڑا ہے۔ دہلی کی وزارت صحت کی طرف سے کل جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 1300 نئے متاثرین کی رپورٹ آنے سے دہلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 1،45،427 ہوگئی۔


اس مدت کے دوران 1225 مریضوں کے شفایاب ہونے سے کورونا وائرس کو شکست دینے والے مریضوں کی کل تعداد 1،30،587 ہوگئی۔دہلی کا شمار ملک کی سب سے زیادہ شفایابی شرح والی ریاستوں میں ہوتا ہے۔ دہلی کی شفایابی کی شرح معمولی بڑھ کر 89.79 فیصد ہوگئی جو گزشتہ روز 89.75 تھی۔

دہلی میں کورونا وائرس کے انفیکشن سے ہونے والی اموات کی تعداد آج 11 تھی اور دارالحکومت میں اس مہلک وائرس نے اب تک 4111 افراد فوت ہوئے ہيں۔


دارالحکومت میں ممنوعہ علاقوں کی تعداد آج کم ہوکر 472 ہوگئی۔ دہلی میں زیر علاج مریضوں کی تعداد گزشتہ روز کی 10،667 سے بڑھ کر 10،729 ہوگئی ہے۔ ان میں سے 5462 متاثرہ افراد گھر پر قرنطینہ میں ہیں۔ دارالحکومت کے مختلف اسپتالوں میں 13،527 بستروں میں سے 10،443 خالی ہیں اور اسپتالوں میں 3084 کورونا مریض زیر علاج ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 23،787 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ ابھی تک دہلی میں کورونا وائرس کے 11،92،082 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے اور دس لاکھ کی آبادی میں اوسطا ٹیسٹ 62،141 سے تجاوز کرگیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔