جمنا کی آبی سطح میں کمی واقع، دہلی والوں نے لی راحت کی سانس، بارش ہوئی تو پھر بگڑ سکتے ہیں حالات

دریائے کی آبی سطح، جس نے دہلی میں تین دن تک زندگی کو پٹڑی سے اتار رکھا تھا، اب کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔ دریا کا پانی ہر گھنٹے بعد کم ہونے لگا ہے۔ تاہم دہلی کے کئی علاقوں کی سڑکیں پانی سے بھری ہوئی ہیں

<div class="paragraphs"><p>دہلی: جمنا کی آبی سطح / Getty Images</p></div>

دہلی: جمنا کی آبی سطح / Getty Images

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کے لوگوں کے لیے جمعہ کی صبح ایک اچھی خبر آئی ہے، تین دن کے بعد جمنا ندی کا خوفناک روپ اب پرسکون ہونا شروع ہو گیا ہے۔ جمعرات کی رات 8 بجے سے پانی کی سطح مسلسل کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔ ہر گھنٹے میں دو سینٹی میٹر پانی کم ہو رہا ہے۔ فی الحال یمنا میں پانی خطرے کی سطح سے 3 میٹر زیادہ ہے۔ اس وقت پانی کی سطح میں مسلسل کمی کی وجہ سے حکومت اور انتظامیہ راحت کی سانسیں لے رہے ہیں۔ اگر سب کچھ ٹھیک رہا اور بارش نہ ہوئی تو جلد ریلیف کی امید کی جا سکتی ہے۔ تاہم دہلی کے کئی علاقوں کی سڑکیں ابھی بھی جمنا کے پانی سے بھری ہوئی ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے دہلی کے لال قلعے کو بھی آج سیاحوں کے لیے بند رکھا گیا ہے۔

دہلی میں جمعرات کی رات 10 بجے سے جمعہ کی صبح 6 بجے تک، یعنی پچھلے 8 گھنٹوں میں، جمنا ندی کے پانی کی سطح میں 17 سینٹی میٹر کی کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات کی طرف سے جمعہ کی صبح موصول ہونے والا الرٹ ایک بار پھر پریشانی میں اضافہ کر سکتا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی اور آس پاس کے علاقوں (جعفر پور، نجف گڑھ، دوارکا، پالم، آئی جی آئی ایئرپورٹ، آیا نگر، ڈیرامنڈی) اور این سی آر (گروگرام)، گوہانہ، سونی پت میں اگلے 2 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔


اس سے پہلے جمعرات کی رات 10 بجے دہلی میں جمنا کی پانی کی سطح 208.63 میٹر تھی، جو جمعہ کی صبح 6 بجے کم ہو کر 208.46 میٹر رہ گئی۔ جمعرات کی رات 9 بجے یمنا کی پانی کی سطح 208.65 میٹر اور رات 8 بجے 208.66 میٹر تھی۔

جمعرات کی رات 8 بجے اولڈ ریلوے برج (او آر بی) پر جمنا کی پانی کی سطح 208.66 میٹر تھی۔ وہاں وارننگ لیول 204.50 میٹر اور خطرے کی سطح 205.33 میٹر ہے۔ سنٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی) کے مطابق جلد ہی پانی میں کمی متوقع ہے۔

دہلی حکومت نے بتایا کہ تمام متعلقہ ضلع مجسٹریٹ، آئی اینڈ ایف سی محکمہ، دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ، دہلی پولیس اور دیگر محکمے سیلاب سے نمٹنے کے لیے الرٹ موڈ پر ہیں اور مسلسل تال میل سے کام کیا جا رہا ہے۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ان علاقوں کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔ سیلاب کی صورتحال سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے باقاعدہ اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ ایسی ہر جگہ پر پولیس اہلکار اور سی ڈی وی تعینات کر کے مشورہ دیا جا رہا ہے۔ لوگوں کو ندی کے پانی سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔