دہلی یونیورسٹی طلبا یونین انتخاب: بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی این ایس یو آئی کی کامیابی کے لیے کمر بستہ

بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر نے کہا کہ طلبا کے انتخابات میں سب سے اہم چیز امیدواروں کے نام اور ان کا بیلٹ نمبر ہوتا ہے جس کو یاد کرانے کی ذمہ داری کالج طلبا اور مقامی لیڈران کی ہوتی ہے

<div class="paragraphs"><p>این ایس یو آئی امیدواروں کا بیلٹ نمبر دکھاتے ہوئے کانگریس لیڈران</p></div>

این ایس یو آئی امیدواروں کا بیلٹ نمبر دکھاتے ہوئے کانگریس لیڈران

user

محمد تسلیم

نئی دہلی: نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے گزشتہ دنوں دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین (ڈی یو ایس یو) کے انتخابات کے لیے اپنا منشور اور امیدواروں کے پینل کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سے دہلی کانگریس کے لیڈران و کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں سرگرم نظر آرہے ہیں ۔ این ایس یو آئی کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے آج بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی نے انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اہم میٹنگ کا انعقاد وکاس مال شاہدرہ میں کیا۔ اس میٹنگ کی صدارت بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر احمد نے کی۔ میٹنگ میں ضلع کانگریس لیڈران کے علاوہ بڑی تعداد میں شیام لال کالج کے طلباء موجود تھے۔

اس موقع پر اپنی تقریر میں بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر احمد نے کہا کہ ڈی یو ایس یو انتخابات کا بگل بج چکا ہے اور ہم سب کے پاس وقت کی کمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبا کی سیاست سے ہی بڑے بڑے لیڈران تیار ہوتے ہیں اور عوام کی خدمت کرتے ہیں۔ این ایس یو آئی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے ہم سب کو اپنے اپنے طور پر مسلسل کوشش کرنی ہے۔


چودھری زبیر کا کہنا ہے کہ طلبا کے انتخابات میں سب سے اہم چیز امیدواروں کے نام اور ان کا بیلٹ نمبر ہوتا ہے جس کو یاد کرانے کی ذمہ داری کالج طلبا اور اپنے اپنے علاقوں کے لیڈران کے کاندھوں پر ہوتی ہے۔ اس مرتبہ این ایس یو آئی کے پینل میں شامل امیدوار: رونک کھتری – صدر عہدے کے لیے امیدوار (بیلٹ نمبر 5)، یش نندل – نائب صدر عہدے کے لیے امیدوار (بیلٹ نمبر 5)، نمرتا جیف مینا – سکریٹری عہدے کے لیے امیدوار (بیلٹ نمبر 3) اور لوکیش چودھری – جوائنٹ سکریٹری عہدے کے لیے امیدوار (بیلٹ نمبر 4) کے ساتھ انتخابی میدان میں ہیں۔ چودھری زبیر احمد نے کہا کہ میں نے این ایس یو آئی کا منشور پڑھا ہے جو طلباء کی فلاح و بہبود سے متعلق تمام مسائل کے لیے ایک جامع نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ این ایس یو آئی ان انتخابات میں 0-4 سے کامیابی درج کرائے گی۔

چودھری زبیر احمد نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ  ہمارے ہر امیدوار نے طلبا کے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد کی ہے اور طلبا برادری کو کئی مسائل درپیش ہیں جن کو حل کرنے کیلئے این ایس یو آئی کے امیدواروں کو کامیاب بنانا ضروری ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ این ایس یو آئی کی لگن اور محنت ووٹروں کے دلوں میں جگہ بنائے گی۔


اس میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ تمام لیڈران اپنے اپنے علاقوں میں کالج کے طلباء سے ملیں گے اور انہیں این ایس یو آئی کے بارے میں بتائیں گے اور انہیں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دیں گے۔ میٹنگ میں ڈیلی گیٹ سید ناصر جاوید، سنجے گوڑ، ہمیش ساگر، دیپک وششٹ، ستپال پہلوان، ہری دت شرما، راجیو کوشک، دیپانشو ساگر، راجیو شرما، مینک چترویدی، مکی جدھر، ایڈوکیٹ سنجے پال، وپن گوڑ، سنیل دت وغیرہ نے شرکت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔