اولڈ راجندر نگر کوچنگ سینٹر حادثہ کے خلاف دہلی کے تاجروں کا احتجاج

دہلی جل بورڈ اور ایم سی ڈی کی لاپرواہی کی وجہ سے ہر روز صدر بازار میں بارش کا پانی دکانوں کے اندر داخل ہو جاتا ہے اور دکانداروں کو بھاری نقصان ہوتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر علامتی، آئی اے این ایس</p></div>

تصویر علامتی، آئی اے این ایس

user

یو این آئی

قومی راجدھانی میں اولڈ  راجندر نگر علاقہ کے کوچنگ سینٹر راؤ آئی اے ایس اسٹڈی سرکل میں بارش کا پانی بھرنے سے تین طلباء کی موت کے معاملے میں فیڈریشن آف صدر بازار ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے بینر تلے پیر کو دہلی کے تاجروں نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔

صدر بازار ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر پرمجیت سنگھ پما اور فیڈریشن کے صدر راکیش یادو کی قیادت میں منعقدہ اس احتجاج میں دہلی میں پانی جمع ہونے اور اس سے ہونے والے حادثات اور نقصانات کو اہم مسئلہ بنایا گیا۔ صدر بازار کے قطب روڈ چوک پر منعقدہ اس مظاہرے میں سینکڑوں تاجروں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے راجندر نگر کوچنگ سنٹر سانحہ کے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔


پرمجیت سنگھ  پما نے کہا کہ دہلی جل بورڈ اور ایم سی ڈی کی لاپرواہی کی وجہ سے ہر روز صدر بازار میں بارش کا پانی دکانوں کے اندر داخل ہو جاتا ہے اور دکانداروں کو بھاری نقصان ہوتا ہے۔مظاہرین نے بازار میں جگہ جگہ پڑے کچرے پر جھاڑو لگاکر یہ ظاہر کیا کہ ایم سی ڈی کی جانب سے کسی قسم کی صفائی کا کوئی انتظام نہیں کیا جا رہا ہے۔

فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اولڈ راجندر نگر کوچنگ سینٹر میں جس طرح سے یہ حادثہ ہوا وہ بہت تکلیف دہ ہے۔ اس کے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت ترین کارروائی ہونی چاہیے کیونکہ ایسے حادثات افسران کی غفلت کا نتیجہ ہیں۔


فیڈریشن کا کہنا ہے کہ دہلی کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی صحیح طریقے سے صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی دکانوں کے اندر چلا جاتا ہے جس کی وجہ سے شارٹ سرکٹ جیسے واقعات ہوتے رہتے ہیں اور تاجروں کو لاکھوں روپے کے سامان کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ افسران اور لیڈر صدر بازار میں کسی حادثے کا انتظار کر رہے ہیں تب ہی وہ کارروائی کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔