دہلی: رام مندر تعمیر کے لیے مسلم سماج نے دل کھول کر کیا تعاون

سابق مرکزی وزیر وجے گوئل نے کہاکہ ’’بابر روڈ پر مسلم سماج ایودھیا کے رام مندر کے لئے تعاون کررہا ہے، اور اسے دیکھ کر انتہائی مسرت ہو رہی ہے۔‘‘

تصویر بذریعہ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹوئٹر ہینڈل
تصویر بذریعہ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹوئٹر ہینڈل
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر وجے گوئل کی رہائش گاہ 72،بابر روڈ پر آج ایک پروگرام کے دوران مسلم سماج کے متعدد لوگوں نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے نہایت جوش و خروش کے ساتھ تعاون کیا۔ پروگرام میں دہلی کے الگ الگ علاقوں سے آئے ہوئے مسلمانوں نے بہت جوش کے ساتھ رام مندر کی تصویر کے ساتھ فوٹو بھی کھینچوائی اور اپنی رسید بھی فخر کے ساتھ دکھائی۔

اس موقع پر ویڈنگ باکس کا کام کرنے والے جلال الدین نے کہاکہ ’’میں چندہ دیتے ہوئے بہت پرجوش ہوں۔ مجھے اچھا لگ رہا ہے کہ میں رام مندر تعمیر کے لیے تعاون کر رہا ہوں۔‘‘ جامع مسجد میں کپڑوں کی دکان چلانے والے ہارون نے بھی رام مندر تعمیر کے لیے چندہ دیا اور بات چیت کے دوران انھوں نے کہا کہ ’’پہلے ہم سے کسی نے تعاون مانگا ہی نہیں، ورنہ ہم بہت پہلے چندہ دے چکے ہوتے۔‘‘


جامع مسجد پرموبائل کا کام کرنے والے مدثر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’رام مندر کے لیے چندہ دے کر میں بہت خوش ہوں۔ اس کی تصویر اپنے گھر پر دکھاؤں گا۔‘‘ جعفرآباد سے آئے سید محمد جاوید نے چندہ دینے کے بعد کہاکہ ’’ہمارے رکن اسمبلی نے ہمیں خبر دی تھی تو ہم یہاں تعاون کرنے آئے ہیں۔‘‘ وجے گویل کی رہائش پر پہنچے دیگر مسلم چندہ دہندگان نے بھی اس موقع پر خوشی کا اظہار کیا۔ تمام مسلم بھائیوں، جنہوں نے اپنا تعاون دیا، انہوں نے بڑے فخر سے اپنا موبائل نمبر بھی دیا اور رسیدوں پر دستخط بھی کئے۔

اس موقع پر گوئل نے کہاکہ ’’بابر روڈ پر مسلم سماج ایودھیا کے رام مندر کے لئے تعاون کررہا ہے، اور اسے دیکھ کر انتہائی مسرت ہو رہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’مسلم سماج کی طرف سے رام مندر کی تعمیر میں تعاون گنگاجمنی تہذیب، محبت اور ہم آہنگی کو بڑھائے گا۔‘‘ وجے گویل نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’رام مندر کی تعمیر کے لئے پہلے تو تمام فریقین میں رضامندی بنی کہ وہ عدالت کے فیصلے کو مانیں گے، اور پھر جب سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا تو اس پر تمام نے پھول چڑھائے اور آج مسلم سماج رام مندر کی تعمیر کے لئے پورے ملک میں جگہ جگہ تعاون کررہا ہے اور اپنی مرضی سے چھوٹی سے بڑی رقم سے تعاون کررہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔