دہلی: عیدگاہ ویلکم جعفرآباد میں پندرہ روزہ اجلاس سیرت مصطفےٰؐ کا آغاز

معروف عالم دین مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی نے کہا کہ نبیؐ نے ایک جامع ترین نظام زندگی اور مکمل آئین حیات عطا کیا ہے، آپؐ کی تشریف آوری کا مقصد بلکتی، سسکتی انسانیت کو سکون عطا کرنا ہے۔

جلسہ سیرت مصطفےٰؐ
جلسہ سیرت مصطفےٰؐ
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: مشرقی دہلی کی عیدگاہ ویلکم جعفرآباد میں مرکزالخیر ایجو کیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام 23ویں پندرہ روزہ اجلاس سیرت مصطفےٰؐ کی پہلی نشست مولانا عبد الباسط قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ نظامت کے فرائض مولانا محمد طاہر حسین قاسمی نے انجام دیئے۔ اجلاس کا آغاز شیخ احمد جمیل مدنی کی تلاوت اور حافظ عبد الکلام کی نعت سے ہوا۔

پندرہ روزہ اجلاس سیرت مصطفےٰؐ کے واحد خطیب معروف عالم دین و مفسر قرآن مولانا انیس احمد آزاد قاسمی بلگرامی نقشبندی مجددی، خلیفہ محبوب العلماء والصلحاء حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مجددی نے آمد مصطفیؐ کے مقصد پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کی تشریف آوری انسانیت کی بقا اور اس کی فلاح کی ضامن ہے۔ نبیؐ نے ایک جامع ترین نظام زندگی اور مکمل آئین حیات عطا کیا ہے۔ آپؐ کی تشریف آوری کا مقصد بلکتی، سسکتی انسانیت کو سکون عطا کرنا ہے۔ ایک ایسا ماحول جس میں لڑکیوں کو زندہ درگور کر دیا جاتا تھا۔ جہاں شراب نوشی زندگی کا حسن تصور کیا جاتا تھا، زنا کاری کا بازار عام تھا۔ قتل و غارتگری معاشرہ کا ایک حصہ بن چکا تھا ایسے ماحول میں نبیؐ نے ایک ایسا صالح انقلاب برپا کیا کہ بدی پر نیکی کا غلبہ ہو گیا۔


مولانا نے کہا اسلام کی ایک اہم خوبی یہ بھی ہے کہ وہ اپنی کوئی بات زبردستی نہیں منواتا۔ وہ اپنی ہر بات کے پیچھے دلائل و شواہد کا ایسا انبار لگا دیتا ہے کہ انسان کی زبان ہی نہیں انسان کا ضمیر پکار اٹھتا ہے کہ ہاں ہاں یہی حق ہے۔ مولانا بلگرامی نے یوم ولادت مصطفیؐ پر غیر شرعی حرکات کے تعلق سے کہا لڑکے اور لڑکیاں اس موقع پر ڈانس کرتے ہیں اور طرح طرح کی نازیبا حرکتیں انجام دیتے ہیں، یہ محبت مصطفیؐ کے اظہار کا نہایت قبیح طرز ہے امت کو اس سے پرہیز کرنا چاہئے۔ مولانا بلگرامی نے کہا کہ شریعت پر خواہش کو غالب کر دینا یہ مرض وہی ہے جس کی وجہ سے ما قبل کی قومیں گمراہ ہوئی ہیں۔ اس لیے اپنی خواہش کی پیروی نہ کر کے شریعت کی پیروی اپنا شیوہ بنائیں، کیونکہ شریعت پر خواہش کا غلبہ تمام گمراہیوں کی بنیاد ہے۔

اجلاس میں مولانا مفتی شمس الزماں قاسمی، مولانا انیق اختر، مولانا اسعد، مولانا حسان آزاد، حاجی محمد ناصر، حاجی محمد سرور کے علاوہ بڑی تعداد میں سامعین نے شرکت کی۔ رات دیر گئے مولانا بلگرامی کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔