دہلی کے باشندے گرمی اور مرطوب موسم سے نبردآزما، 10 سالوں کے گرم ترین جولائی کا سامنا
دہلی میں گرمی اور مرطوب موسم سے ہر کوئی پریشان ہے۔ یہاں منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 5 ڈگری زیادہ اور اس سال جولائی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے
نئی دہلی: دہلی-این سی آر کے لوگ مرطوب موسم کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پہاڑی ریاستوں اتراکھنڈ اور ہماچل میں شدید بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہندوستان کے بیشتر علاقے اس وقت مرطوب گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور لوگ بہت پریشان ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے لیکن مطلع ابر آلود ہے اور بارش نہیں ہو رہی۔ عام طور پر ان دنوں دہلی میں ہلکی بارش کی وجہ سے گرمی کچھ کم ہو جاتی ہے۔ لیکن اس بار صورتحال بالکل مختلف ہے۔ لوگ گرمی سے نجات کے لئے بارش کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
دہلی میں منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے پانچ ڈگری زیادہ ہے، جو اس سال جولائی میں سب سے زیادہ ہے۔ اس سے قبل اس سال جولائی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.8 ڈگری سیلسیس تھا جو 12 جولائی کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جولائی 2023 میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.4 ڈگری سیلسیس تھا۔ جولائی 2022 میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 39.1 ڈگری سیلسیس تھا، جب کہ 2021 میں یہ 43.5 ڈگری اور 2020 میں 41.6 ڈگری تھا۔ جبکہ اس ماہ کا زیادہ سے زیادہ اوسط درجہ حرارت 35.8 ڈگری سیلسیس رہا ہے۔
اس بار دہلی کے لوگوں کو جولائی میں ریکارڈ گرمی اور نمی کا سامنا ہے، اس بار جولائی کے مہینے میں دن اور رات دونوں کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ تھا۔ 27.7 ڈگری سیلسیس کے اوسط کم سے کم درجہ حرارت کے ساتھ، دہلی میں جولائی کا مہینہ (30 جولائی تک) اس بار پچھلے 10 سالوں میں سب سے زیادہ گرم رہا۔ عام طور پر جولائی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.6 ڈگری سیلسیس ہوتا ہے۔ لیکن اس بار جولائی میں درجہ حرارت اور نمی بہت زیادہ تھی، کیونکہ مانسون زیادہ تر دنوں تک دہلی سے دور رہا۔ جس کی وجہ سے اس بار شہر میں تیز بارش نہیں ہوئی جس کی وجہ سے یہاں دن اور راتیں گرم رہیں۔
مانسون بدھ کو شمالی میدانی علاقوں تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شمالی میدانی علاقوں میں آئندہ چند روز میں درمیانی سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ بدھ کو دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جمعرات اور جمعہ کو بھی تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ان دو دنوں تک بارش کا یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس مدت کے دوران، درجہ حرارت میں کمی دیکھی جا سکتی ہے۔ آج دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری رہ سکتا ہے۔ جبکہ یکم اور 2 اگست کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
جولائی میں اب تک دہلی میں گزشتہ سال کے مقابلے 82 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ تاہم اس ماہ بارش معمول سے ایک فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ دارالحکومت میں یکم سے 30 جولائی کے درمیان 203 ملی میٹر بارش ہوئی۔ جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں 384 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ جولائی 2023 میں 31 دنوں کے دوران ہونے والی کل بارش معمول سے 83 فیصد زیادہ تھی۔ پچھلے سال جولائی میں شدید بارش کی وجہ سے دہلی کے کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔ اس سال مانسون 28 جون کو دہلی پہنچا۔ پہلے دن شہر میں 24 گھنٹوں میں 228 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو کہ 88 سالوں میں جون میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ بارش تھی۔ جولائی میں 17 دن بارش ہوئی جب کہ 2023 میں 19 دن اور 2022 میں 18 دن بارش ہوئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دہلی میں عام طور پر مانسون کے موسم میں تقریباً 650 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔