دہلی: دیوالی کے دوسرے دن بھی فضائی آلودگی کی سطح میں اضافہ، اشوک وِہار اور آر کے پورم کی حالت تشویشناک

اشوک وِہار میں پی ایم 2.5 کی سطح 1450 سے پار کر گئی جو صحت کے لیے انتہائی نقصاندہ ہے۔ بہار کے حاجی پور میں بھی 332 کے ساتھ 'انتہائی خراب' اے کیو آئی درج کیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں فضائی آلودگی / قومی آواز / وپن</p></div>

دہلی میں فضائی آلودگی / قومی آواز / وپن

user

قومی آواز بیورو

دہلی میں دیوالی کے دوسرے دن آلودگی کی سطح میں کافی اضافہ درج کیا گیا ہے۔ حکومت کی تمام کوششوں کے باوجود بڑے پیمانے پر ہوئی آتش بازی کے سبب راجدھانی میں دوسرے دن بھی فضائی آلودگی انتہائی خطرناک زمرے میں رہی۔ اشوک وِہار اور آر کے پورم سب سے زیادہ متاثر علاقے رہے۔ اشوک وِہار میں پی ایم 2.5 کی سطح 1450 سے پار کر گئی۔ یہ صحت کے لیے انتہائی نقصاندہ ہے۔

تہوار کے دوسرے دن سب سے زیادہ متاثر رہے شمالی دہلی کے اشوک وِہار میں پی ایم 10 کی سطح رات 11 بجے 1951 مائیکروگرام تک پہنچ گئی۔ وہیں آر کے پورم میں بھی بڑے پیمانے پر آلودگی میں اضافہ دیکھا گیا۔ یہاں پی ایم 2.5 کی سطح اسٹینڈرڈ حد سے 9 گنا زیادہ ہو گئی۔ جبکہ لاجپت نگر میں پی ایم 2.5 کی سطح 604 مائیکروگرام تک پہنچ گئی جو محفوظ مانے جانے والی سطح سے 10 گنا زیادہ ہے۔ وویک وہار میں پی ایم 2.5 کی سطح 836 مائیکروگرام درج کی گئی جو اسٹینڈرڈ حد سے تقریباً 14 گنا زیادہ ہے۔

درج کیے گئے ان نمبرات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہلی میں فضائی آلودگی کا مسئلہ کتنا سنگین ہو چکا ہے۔ دہلی کے دیگر علاقوں جیسے مندر مارگ، پٹپڑگنج اور جہانگیر پوری میں بھی آلودگی کی سطح عام حالت سے کئی گنا زیادہ ریکارڈ ہوئی ہے۔


اس مرتبہ دیوالی کا تہوار الگ الگ تاریخ پر منائے جانے کے سبب بھی آلودگی میں زیادہ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ کچھ لوگوں نے 31 اکتوبر کو تو کچھ نے یکم نومبر کو اس تہوار کا جشن منایا۔ حالانکہ دہلی میں اچھی رفتار سے چل رہی ہوا کی وجہ سے کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح کم بھی رہی ہے۔

دوسری طرف آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق دیوالی کے بعد جمعہ کو بہار کے کئی علاقوں میں بھی اے کیو آئی 'خراب' زمرے میں درج کیا گیا۔ حاجی پور میں 332 کے ساتھ 'انتہائی خراب' اے کیو آئی درج کیا گیا۔ وہیں دیگر اضلاع کی بات کی جائے تو ارریہ اور مظفرپور میں 286، بیگوسرائے میں 258، سارن/چھپرہ میں254، پورنیہ میں 247، سہرسہ میں 232، پٹنہ اور سمستی پور میں230 اور کشن گنج میں اے کیو آئی 201 درج کیا گیا جو 'خراب' زمرے میں آتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔