’دہلی نیائے یاترا‘ کو مل رہا ہےعوام کا ساتھ، عوام اقتدار کی تبدیلی کے لیے تیار: دیویندر یادو
15 نومبر سے ’دہلی نیائے یترا‘ کے اگلے مرحلہ کی شروعات گوکُل پوری حلقہ اسمبلی سے ہوگی جو 16 اسمبلی حلقوں احاطہ کرے گی۔ پہلے مرحلہ میں ’دہلی نیائے یترا‘ نے 15 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا تھا۔
نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا کہ راج گھاٹ سے 8 نومبر سے شروع ہوئی ’دہلی نیائے یاترا‘ کو عوام کی بھر پور حمایت مل رہی ہے۔ پہلے مرحلہ کے 5 دنوں کے دوران دیویندر یادو نے عوام کے درمیان رہ کر، ان کے دکھ اور پریشانیوں کا جو تجربہ کیا۔ اس کو آج ریاستی دفتر راجیو بھون میں منعقد پریس کانفرنس میں عوامی طور پر بیان کیا۔ پریس کانفرنس میں ان کے ساتھ سینئر لیڈر چتر سنگھ، جگجیون شرما اور سدھارتھ راؤ بھی شامل تھے۔ ساتھ ہی انہوں نے 15 نومبر سے شروع ہونے والے ’دہلی نیائے یترا‘ کے اگلے مرحلہ کے بارے میں بھی بتایا۔ اگلے مرحلہ کی شروعات گوکل پوری حلقہ اسمبلی سے ہوگی، اس مرحلہ کی ’دہلی نیائے یاترا‘ 16 اسمبلی حلقوں کو کور کرے گی۔ جبکہ پہلے مرحلہ میں ’دہلی نیائے یترا‘ نے 15 اسمبلی حلقوں کو کور کیا تھا۔
دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی کی حالت بد سے بد تر ہوتی جا رہی ہے۔ جب عوام سے رو برو ہوا تو پتہ چلا کہ عام آدمی پارٹی نے لوگوں کی کیا حالت کر رکھی ہے۔ لوگ غربت و افلاس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، پنشن پر انحصار کرنے والے بزرگ، بیوہ، معذور کی پنشن بند ہے۔ عوام کے لیے نئے راشن کارڈ بنانا تو دور کی بات ہے، اس میں پیدا ہونے والے اور مرنے والوں تک کے نام بھی درج نہیں کیے جا رہے ہیں۔ لوگ گندے پانی پینے پر مجبور ہیں، بجلی کا بل دو گنا ادا کرنے کی وجہ سے بھی لوگ کافی پریشان ہیں۔ ’دہلی نیائے یاترا‘ میں کانگریس نے عوام کی جو حالت زار دیکھی ہے، اس کو بہتر بنانے کے لیے پارٹی پورے طور پر پُر عزم ہے اور یہی دہلی ’نیائے یاترا‘ کا مقصد ہے۔ 2025 کے اسمبلی انتخاب میں عوام کے پیار اور حمایت سے اقتدار میں آئیں گے اور دہلی کے ہر طبقے کی طرزِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ ’دہلی نیائے یاترا‘ کو عوام کی طرف سے بے مثال حمایت مل رہی ہے۔ تنظیم سے جڑے تمام لوگ ایک ستون کی طرح مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں، اور اس یاترا میں بڑی تعداد میں شامل ہو رہے ہیں۔ ان علاقوں میں بھی پارٹی کو بھرپور حمایت مل رہی ہے جہاں سے کانگریس نے کبھی انتخاب نہیں جیتا ہے۔ ’دہلی نیائے یاترا‘ کے دوران کانگریس کے کارکنان دہلی کے لوگوں کے درد اور مسائل کو جان کر اور سمجھ کر ان کے لیے انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
دیویندر یادو نے کہا کہ ’دہلی نیائے یاترا‘ کے دوران وہ ہر سماج اور طبقے کے لوگوں سے ملے۔ چاندنی چوک سے نکلے تو ہاتھ گاڑی کھینچنے والوں کے دکھ اور تکلیف کو محسوس کیا، سبزی فروش، حجام، کمہار، درزی، موچی، قُلی وغیرہ کے درد کو سمجھا۔ ٹونک روڈ پر کپڑے اور جینز کے کام کرنے والے تاجروں سے بات چیت کی۔ عوام کے درمیان رہ کر پتہ چلا کہ کہیں نہ کہیں پولیس اور کارپوریشن غریب عوام سے غیر قانونی طور پر وصولی کر کے بدعنوانی کو بڑھانے کا کام کر رہی ہے۔
دیویندر یادو کے مطابق کاروباری طبقے کمرشیل سڑک پر کام کر رہے ہیں، کنورزن چارج دے رہے ہیں لیکن کارپوریشن نے پارکنگ نہیں بنائی اور ان کے بجلی کے بل تین گنا ادا کر رہے ہیں۔ ہر طبقہ جو عزت اور ایمانداری سے اپنی زندگی ایک امید کے ساتھ جی رہا ہے اس کا دکھ اور تکلیف صاف دکھائی دے رہا ہے۔ آنے والے وقت میں دہلی والوں کے حساس مسائل اور پریشانیوں کو جان کر بہتر پالیسیاں بنائیں گے۔ بدلاؤ کے لیے تیار دہلی کی عوام کی امیدوں پر کھڑا اترنے کی کوشش کریں گے، اور دہلی کی رکی ہوئی ترقی کو دوبارہ پٹری پر لانے کی کوشش کریں گے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس جو گزشتہ 4 ماہ سے سڑکوں پر ہے، دہلی میں سماج کے ہر طبقے کے دروازے پر دستک دے رہی ہے۔ یقینا ہمارا سفر 8 نومبر سے شروع ہوا تھا لیکن کانگریس کے کارکنان دہلی کے لوگوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف کافی دنوں سے لڑ رہے ہیں۔ کانگریس متحد ہے اور ’دہلی نیائے یاترا‘ میں قدم بہ قدم آگے بڑھ رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔