جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے بھی اسکولوں میں مذہبی لباس پر لگائی پابندی، احکام جاری

حجاب تنازعہ کے سبب کرناٹک کے کئی اسکولوں میں مذہبی پوشاک پر پابندی لگا دی گئی ہے، وہیں اب جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے بھی اپنے اسکولوں میں مذہبی پوشاک پر روک لگانے کا اعلان کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

حجاب تنازعہ کے سبب کرناٹک کے کئی اسکولوں میں مذہبی پوشاک پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ وہیں اب جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے بھی اپنے اسکولوں میں مذہبی پوشاک پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ کارپوریشن نے اس سلسلے میں ایک حکم بھی جاری کیا ہے۔ جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے اپنے سبھی اسکولوں میں طلبا کو کسی بھی مذہب کی پوشاک میں نہیں آنے کو لے کر ہدایت جاری کی ہے۔ ایس ڈی ایم سی محکمہ تعلیم کی سربراہ نتیکا شرما کی جانب سے اس سلسلے میں ایک احکام جاری کیا گیا ہے۔

جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ سبھی اسکولوں میں پڑھنے کے لیے آنے والے بچوں کے لیے ایک مقررہ یونیفارم ہے جس میں بچے اسکول آتے ہیں۔ لیکن گزشتہ کچھ دنوں سے اسکولوں میں والدین اپنے بچوں کو الگ الگ مذہبی پوشاکوں میں بھیج رہے ہیں جو کہ غلط ہے۔


محکمہ تعلیم کی طرف سے حکم میں کہا گیا ہے کہ ایس ڈی ایم سی نے طلبا کے لیے جو یونیفارم مقرر کیا ہے طلبا اس میں بے حد خوبصورت نظر آتے ہیں اور طلبا کو اسی یونیفارم میں اسکول آنا چاہیے۔ محکمہ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن وقتاً فوقتاً طلبا کے یونیفارم کے رنگ میں تبدیلی بھی کرتی رہتی ہے تاکہ بچوں میں جوش بنا رہے اور الگ الگ طبقہ و مذہب سے آنے والے بچے اسکول میں یکسانیت کے ساتھ رہے۔ محکمہ نے کہا کہ کسی بھی بچے میں امیر و غریب کو لے کر احساس کمتری پیدا نہ ہو، لیکن ابھی کچھ وقت سے دیکھنے میں آیا ہے کہ کچھ کچھ سرپرست اپنے بچوں کو اپنے مذہب کے کپڑے پہنا کر اسکول بھیج رہے ہیں جو درست نہیں ہے۔

جنوبی دہلی محکمہ تعلیم کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اسکول یونیفارم کے ضابطوں پر عمل نہیں کرنے سے بچوں کے ذہن میں نابرابری کا احساس پیدا ہوگا۔ یہ بچوں کے مستقبل کے لیے مضر ہے۔ انہی باتوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن نے سبھی علاقائی دفاتر کے افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے علاقے کے اسکولوں میں، جو جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ مقرر یونیفارم ہے بچے اسی میں اسکول آئیں، یہ یقینی بنایا جائے۔ اسکول میں کسی مقابلہ یا تہوار میں ہی طلبا الگ ڈریس کوڈ میں آ سکتے ہیں۔ عام دنوں میں طلبا کو اسکول یونیفارم میں ہی اسکول آنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔