دہلی-این سی آر کی زہریلی فضا، ’جی آر اے پی-3‘ کے تحت سخت اقدامات نافذ
فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ جانے کے سبب جی آر اے پی-3 اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔ دریں اثنا، اسکول، ڈیزل گاڑیوں اور تعمیراتی کاموں پر پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں تاکہ آلودگی پر قابو پایا جا سکے
دہلی-این سی آر کی فضائی آلودگی خطرناک حدوں کو چھونے لگی ہے، جس کے باعث ایک بار پھر یہ خطہ گیس چیمبر میں تبدیل ہوتا نظر آ رہا ہے۔ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی آلودگی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے اور صورتحال اتنی سنگین ہو گئی ہے کہ حکومت کو جی آر اے پی یعنی گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان کے تیسرے مرحلہ کے تحت پابندیاں عائد کرنی پڑ رہی ہیں۔ فضائی آلودگی انتظامی کمیشن (سی اے کیو ایم) نے آج سے دہلی-این سی آر میں جی آر اے پی کے تیسرے مرحلے کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں تاکہ آلودگی کی سطح کو کنٹرول کیا جا سکے۔
اسکولوں پر اثرات
جی آر اے پی-3 کے نفاذ سے بچوں کے اسکولوں پر بھی گہرا اثر پڑے گا۔ اب دہلی-این سی آر میں پانچویں جماعت تک کے بچوں کی کلاسز آن لائن موڈ پر منتقل کر دی جائیں گی۔ اگر آلودگی کی صورتحال مزید بگڑتی ہے تو جی آر اے پی-4 بھی نافذ کیا جا سکتا ہے، جس میں بچوں اور بزرگوں کو گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی جائے گی۔
ڈیزل گاڑیوں پر پابندی
ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں پر بھی سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ دہلی-این سی آر میں آج سے ڈیزل سے چلنے والی لائٹ موٹر گاڑیوں (ایل ایم وی) اور چار پہیہ گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا، جبکہ کچھ بین ریاستی بسوں کے علاوہ دیگر کا داخلہ بھی روکا جائے گا۔ تاہم، سی این جی اور الیکٹرک گاڑیاں چلائی جا سکیں گی اور بی ایس-6 گاڑیوں کو اجازت ہوگی۔ اسی طرح، دہلی کے باہر رجسٹرڈ بی ایس-3 اور اس سے کم درجے کی ڈیزل گاڑیوں کا داخلہ بھی بند رہے گا۔
تعمیراتی کاموں پر پابندی
آلودگی کی روک تھام کے لیے دہلی-این سی آر میں عمارتوں کی تعمیر اور توڑ پھوڑ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ دھول مٹی کو کم کرنے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے گا۔ پینٹنگ، ویلڈنگ، گیس کٹنگ اور دیگر تعمیراتی سرگرمیوں پر بھی پابندی ہوگی۔ ساتھ ہی، اینٹوں کے بھٹوں، سیمنٹنگ، پلاستر اور سڑک کی تعمیر جیسے کاموں پر بھی روک لگا دی گئی ہے۔ تعمیراتی جگہوں پر تمام سرگرمیاں محدود کر دی گئی ہیں اور اسٹون کرشر اور کان کنی کی سرگرمیاں بھی بند رہیں گی۔
جی آڑ اے پی-3 کیا ہے؟
گرڈڈ رسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) دہلی اور این سی آر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی روک تھام کے لیے بنائے گئے اقدامات کا ایک مجموعہ ہے۔ جی آر اے پی کا تیسرا مرحلہ اس وقت نافذ کیا جاتا ہے جب فضائی معیار کا انڈیکس (اے کیو آئی) خطرناک سطح تک پہنچ جائے۔ اس مرحلے کے تحت تعمیراتی، توڑ پھوڑ اور عوامی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں عائد کی جاتی ہیں تاکہ آلودگی کو کم کیا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔