دہلی میونسپل کارپوریشن الیکشن: چوہان بانگر وارڈ میں منعقدہ کانگریس کے جلسہ میں دکھائی دیا عوامی سیلاب
سیلم پور اسمبلی حلقہ کے تحت آنے والا چوہان بانگر وارڈ 227 میں الیکشن کو لیکر لوگوں میں غضب کا جوش و ولولہ دکھائی دے رہا ہے اور لوگ کانگریس کی طرف مائل ہو رہے ہیں
نئی دہلی: دہلی میونسپل کارپوریشن الیکشن کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ اُمیدوار اپنے اپنے وارڈ کے مسائل کو مضبوطی کے ساتھ اُجاگر کر رہے ہیں۔ سیلم پور اسمبلی حلقہ کے تحت آنے والا چوہان بانگر وارڈ 227 میں الیکشن کو لیکر لوگوں میں غضب کا جوش و ولولہ دکھائی دے رہا ہے اور لوگ کانگریس کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔
کانگریس اُمیدوار شگفتہ چودھری کی حمایت میں مٹکے والی گلی میں عظیم جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر کانگریس لیڈر اور سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد،بابر ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر نے شرکت کی۔جلسہ کی صدارت حاجی حیات نے کی،اور نظامت کے فرائض جاوید برقی نے انجام دے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے متین احمد نے کہا کہ آج جلسہ میں آئی لوگوں کی تعداد بتا رہی ہے کہ لوگوں نے ضمنی الیکشن سے بھی زیادہ ووٹوں سے کانگریس اُمیدوار شگفتہ چودھری کو کامیاب بنانے کا من بنا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آج تک جتنے بھی وعدے الیکشن سے قبل عوام سے کیے ان کو وقت سے پہلے پورا کرکے دکھایا ہے۔تاہم یہی وجہ ہے کہ آج لوگ ہمیں اپنی بھرپور حمایت دے رہے ہیں۔
چودھری زبیر احمد نے کیجریوال حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس بات سے ہرکس و ناکس واقف ہے کہ کیجریوال سنگھی وچار دھارا رکھنے والا شخص ہے، مسلمانوں کے ایشوز پر کیجریوال کی مسلسل خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ جھولی بھر بھر کرووٹ لینا تو خُوب جانتے ہیں لیکن مصیبت کے وقت مسلمانوں سے منہ پھیر لیتے ہیں۔
اپنی تقریر میں زبیر نے کہا کہ شمال مشرقی دہلی میں ہوئے فسادات میں کیجریوال نے جو رویہ اختیار کیا اس سے عوام کی آنکھیں کھل گئی ہیں اور اب وہ پوری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں۔ زبیر نے کہا کہ آج چوہان با نگر کو پورا ملک جنتا ہے کیونکہ ضمنی الیکشن میں کیجریوال نے اپنے امیدوار کی حمایت میں خود اس وارڈ کا دورہ کیا تھا اور اپنی پوری طاقت جھونک دی تھی۔اس وقت لوگ ان سے ایک ہی سوال کر رہے تھے فساد کے وقت آپ کہاں چھپ کر بیٹھے تھے ۔اگر کیجریوال فساد کے دوران یہاں آجاتے تو کتنے معصوموں کی جان بچ جاتی۔
ایم سی ڈی الیکشن کے تعلق سے زبیر نے کہا کہ ہم نے چوہان با نگر کو گندگی سے پاک بنایا،لینٹروں پر ناجائز لین دین پر روک لگائی،رشوت کا دھندا بند کرایا،اپنی بہنوں کیلئے لائبریری بنوائی،یہ سبھی کام ہم نے ایک سال میں کر کے دکھایا،اسی لیے آپ پارٹی کے لوگوں میں بے چینی ہے اگر یہ دوبارہ اقتدار میں آگئے تو ہمارا کیا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چوہان با نگر کے لوگ زندہ دل رکھتے ہیں اور ایک مرتبہ پھر کانگریس اُمیدوار شگفتہ چودھری کو وارڈ کی مزید ترقی کیلئے وؤٹ دیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔