دہلی کی وزیر آتشی 15 اگست کو کیجریوال کی جگہ پرچم نہیں لہرا سکیں گی، تجویز مسترد کر دی گئی

دہلی حکومت کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے اروند کیجریوال کی اس تجویز کو مسترد کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ یوم آزادی کے موقع پر دہلی میں منعقدہ پروگرام میں ان کی جگہ آتشی قومی پرچم لہرائیں گی

<div class="paragraphs"><p>دہلی کی وزیر آتشی / قومی آواز / وپن</p></div>

دہلی کی وزیر آتشی / قومی آواز / وپن

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کی وزیر آتشی راجدھانی میں یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعلی اروند کیجریوال کی جگہ پرچم نہیں لہرا سکیں گی۔ کیجریوال، جو اس وقت جیل میں قید ہیں، نے خواہش ظاہر کی تھی کہ 15 اگست کو چھترسال اسٹیڈیم میں منعقدہ پروگرام کے دوران ان کی جگہ پر آتشی پرچم لہرائیں لیکن اس تجویز کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

دہلی حکومت کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (جی اے ڈی) نے کیجریوال کی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ اس کے بعد اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ آتشی یوم آزادی کے موقع پر دہلی میں ہونے والے پروگرام میں قومی پرچم نہیں لہرا سکیں گی۔ اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے قواعد کا حوالہ دیا گیا ہے۔


دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال جو شراب گھوٹالہ کیس میں جیل میں ہیں، نے 15 اگست کو پرچم لہرانے کے سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر کو خط لکھا تھا۔ خط میں کیجریوال نے بتایا تھا کہ 15 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر وزیر آتشی سنگھ دہلی میں پرچم لہرائیں گی۔

دہلی میں ہر سال یوم آزادی کے موقع پر دہلی حکومت چھترسال اسٹیڈیم میں ایک پروگرام منعقد کرتی ہے، جس میں وزیر اعلیٰ پرچم کشائی کرتے ہیں۔ لیکن اس بار وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال جیل میں ہیں اس لیے انہوں نے اپنی کابینہ وزیر آتشی کو پرچم لہرانے کا اختیار دیا تھا۔

حالانکہ منیش سسودیا کے جیل سے باہر آنے کے بعد یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ منیش سسودیا اب 15 اگست کو پرچم لہرائیں گے جبکہ اروند کیجریوال نے آتشی کا نام پہلے ہی لے لیا تھا۔

کیجریوال اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ ان پر دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالے سے متعلق بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ کیجریوال کو 5 اگست کو ہی دہلی ہائی کورٹ سے جھٹکا لگا تھا، جب گرفتاری کو چیلنج کرنے والی ان کی درخواست ہائی کورٹ نے مسترد کر دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔