دہلی میٹرو: کیجریوال حکومت کی تجویز کو لیفٹیننٹ گورنر سے ملی منظوری
7 ستمبر سے دہلی میں میٹرو چلانے کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ ایک طرف کیجریوال حکومت کی تجویز کو لیفٹیننٹ گورنر نے منظوری دے دی ہے، اور دوسری طرف آج شام گائیڈ لائن بھی جاری ہونے کا امکان ہے۔
اَن لاک-4 کے تحت مرکزی حکومت نے جن چیزوں کو کھولنے کا اعلان کیا ہے، ان میں میٹرو بھی شامل ہے۔ اَن لاک-4 سے متعلق رہنما ہدایات جاری ہونے کے بعد کیجریوال حکومت نے دہلی میں میٹرو چلانے کے لیے انتظام و انصرام کے ساتھ ساتھ گائیڈ لائن تیار کرنے کی بھی کوششیں شروع کر دیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل نے کیجریوال حکومت کو 7 ستمبر سے میٹرو چلانے کے لیے پیش کردہ تجویز کو منظوری بھی دے دی ہے۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ کے دوران کیجریوال حکومت کی تجویز کو منظوری مل گئی ہے۔ اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آج شام میٹرو کی گائیڈ لائن بھی ریلیز کر دی جائے گی۔ مرکزی وزیر ہردیپ پوری میٹرو خدمات شروع کرنے کو لے کر گائیڈ لائن جاری کریں گے۔ فی الحال میٹرول اسٹیشن کے انٹری پوائنٹس محدود ہوں گے۔ افسران نے کہا کہ میٹرو ٹرینوں میں ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ (سوشل ڈسٹنسنگ) کے قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
افسران کا کہنا ہے کہ میٹرو مسافروں کو انسداد کووڈ-19 تراکیب کو اختیار کرنے کے لیے ترغیب دی جائے گی۔ رہنما ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ بھی لگایا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ملک میں 17 میٹرو کارپوریشن ہیں۔ مرکزی وزارت کے ذریعہ تفصیلی ایس او پی جاری کیے جانے کے بعد وہ مقامی ضروریات کے مطابق اپنی تفصیل جاری کر سکتے ہیں۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ وہ 7 ستمبر سے سلسلہ وار طریقے سے میٹرو خدمات بحال کرے گا۔
میٹرو ٹرینوں میں مسافروں کے درمیان ایک میٹر کی دوری بنائے رکھنے پر خاص توجہ دی جائے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ سماجی فاصلہ کو یقینی بنانے کے لیے سیٹ پر مارکنگ بھی کی جائے گی۔ ساتھ ہی ساتھ اسٹیشن پر بھیڑ نہ لگے، اس کے لیے میٹرو اسٹاف اور سول والنٹیر کو تعینات کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Sep 2020, 5:40 PM