دہلی: پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں ہولی ملن تقریب کے دوران آئٹم ڈانس! دہلی ہائی کورٹ برہم، ڈسٹرکٹ جج سے رپورٹ طلب کی
ہائی کورٹ نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک معاملہ کا تصفیہ نہیں ہو جاتا، نئی دہلی بار ایسوسی ایشن کی موجودہ ایگزیکٹو باڈی اپنے کسی بھی پروگرام کے لیے عدالتی احاطے کا استعمال نہیں کرے گی
نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے احاطے میں ہولی ملن کی تقریب کے دوران آئٹم ڈانس پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے معاملے کی جانچ کے بعد ڈسٹرکٹ جج سے رپورٹ طلب کی ہے۔ یہ معاملہ گزشتہ 6 مارچ کا ہے۔ ہولی ملن تقریب کے دوران نئی دہلی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے آئٹم سانگ پیش کیا گیا۔
یہ پروگرام پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے احاطے میں منعقد ہوا تھا، جس کی ہائی کورٹ نے مذمت کی ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالت کے احاطے میں آئٹم ڈانس کو کسی بھی طرح جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ایسا کرکے عدلیہ کو داغدار کیا گیا ہے۔ اس سے عدلیہ کا امیج خراب ہوا ہے۔ بار اینڈ بنچ کی خبر کے مطابق ہائی کورٹ نے پرنسپل ڈسٹرکٹ جج سے پورے معاملے کی تحقیقات کرنے کو کہا ہے۔
ہائی کورٹ نے اس معاملے میں سخت موقف کرتے ہوئے یہاں تک کہا کہ جب تک معاملہ مکمل طور پر طے نہیں ہو جاتا، نئی دہلی بار ایسوسی ایشن کی موجودہ ایگزیکٹو باڈی اپنے کسی بھی پروگرام کے لیے عدالت کے احاطے کا استعمال نہیں کر سکے گی۔ ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا کہ پرنسپل ڈسٹرکٹ جج اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کوئی بھی عدالت بار کو کوئی تقریب منعقد کرنے کی اجازت نہ دے۔ خبر کے مطابق کئی وکلاء نے نئی دہلی بار ایسوسی ایشن کو خط لکھ کر پوچھا ہے کہ اس طرح کا فحش پروگرام کیسے منعقد کیا گیا۔ یہ بار کی شبیہ کے مطابق نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔