کورونا سے ہلاک ڈاکٹر اسیم گپتا کو دہلی حکومت دے گی ایک کروڑ روپے کی اعزازی رقم

ایل این جے پی اسپتال میں کورونا سے ہلاک ڈاکٹر اسیم گپتا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کیجریوال نے فرض کی ادائیگی کے تئیں ان کے جذبہ کو سلام پیش کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی حکومت کورونا وائرس سے جان گنوانے والے لوک نایک جے پرکاش نارائن اسپتال (ایل این جے پی) کے سینئر ڈاکٹر اسیم گپتا کو ایک کروڑ روپے کی اعزازی رقم دے گی۔ وزیراعلی اروند کیجریوال نے پیر کو اس کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر گپتا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے فرض کی ادائیگی کے تئیں ان کے جذبہ کو سلام کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسیم گپتال ایل این جے پی میں بہت ہی سینئر ڈاکٹر تھے۔ وہ کورونا کے مریضوں کا علاج کررہے تھے اور ان کی ڈیوٹی آئی سی یو میں تھی۔ ان کے ساتھی بتاتے ہیں کہ وہ اپنا کام نہایت لگن سے کرتے تھے اور ہمیشہ مریضوں کی خدمت میں مصروف رہتے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ تین جون کو ڈاکٹر گپتا خود کورونا سے متاثر ہوگئے اور انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا اور آخر کار وہ کورونا سے لڑتے ہوئے ہم سب کو چھوڑکر چلے گئے۔ ان کی بیوی کو بھی کورونا ہوا تھا لیکن وہ اب پوری طرح سے ٹھیک ہیں۔


اروند کیجریوال نے کہا کہ ایسے لوگوں کی وجہ سے ہی ہم سب کورونا سے لڑ پا رہے ہیں۔ ڈاکٹر گپتا ہم سب کے لئے ایک مثال ہیں اور ہم سب دہلی والے ان کی خدمت کو سلام کرتے ہیں۔ دہلی حکومت ان کے اعزاز میں ان کے کنبہ کو ایک کروڑ روپے کی اعزازی رقم دے گی۔ یہ ایک چھوٹی سی رقم ہے جو ملک اور دہلی کے لوگوں کی طرف سے ان کے کنبہ کو دی جائے گی۔ ڈاکٹر گپتا اتوار کو ساکیت کے میکس اسپتال میں کورونا سے جنگ ہار گئے اور ان کی موت ہوگئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jun 2020, 4:40 PM