دہلی: ہوٹل میں ہولناک آتشزدگی، 17 افراد لقمہ اجل، عمارت سے کود گئے لوگ

آگ بجھانے والے محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ قرول باغ کے ارپت پیلیس ہوٹل سے صبح 4.30 بجے فون پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، فوری طور پر فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجددھانی دہلی کے قرول باغ میں واقع ہوٹل ارپت پیلیس میں منگل کی صبح آگ لگ جانے سے تین خواتین اور ایک بچہ سمیت 17 لوگوں کی موت اور تین دیگر جھلس گئے جبکہ 25 لوگوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

مرنے والوں میں سے 13 لوگوں کی لاشیں رام منوہر لوہیا اسپتال میں رکھی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ دو لوگوں کی لاشیں لیڈی ہارڈنگ اسپتال میں اور باقی دو لوگوں کی لاشیں بی ایل کپور اسپتال میں ہیں۔ زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے جن کا علاج چل رہا ہے۔

فائر بریگیڈ کے افسر نے بتایا کہ آج صبح 4.35 بجے ہوٹل ارپت پیلیس میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی فوری طورپر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد کئی لوگوں نے ہوٹل کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگاکر اپنی جان بچانے کی کوشش کی۔

فائر بریگیڈ کے افسر وپن نے بتایا کہ فی الحال آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی 30 گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ موقع پر اب ریسکیو آپریشن ختم کر دیا گیا ہے۔ افسر نے بایا کہ کوریڈور میں لگی لکڑی کی چوکھٹ میں زبردست آگ لگی تھی، اس وجہ سے لوگ اس طرف سے نہیں کل پائے۔

فائر بریگیڈ کے افسر نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد کئی لوگوں نے عمارت سے چھلانگ لگا دی۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہے، معاملہ کی جانچ کی جا ری ہے۔ ادھر پولس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Feb 2019, 2:09 PM