دہلی کو اسلامک اسٹیٹ بننے سے بچانا ہے تو بی جے پی کو ووٹ دیں: گری راج سنگھ

مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے ووٹنگ کے دن ایک متنازعہ ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ شاہین باغ کا جواب دینا ہے اور دہلی کو اسلامک اسٹیٹ بننے سے بچانا ہے تو لوگ گھروں سے نکل کر بی جے پی کو ووٹ دیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دہلی میں آج اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ووٹنگ جاری ہے۔ لوگ بڑی تعداد میں ووٹنگ مراکز پر پہنچ کر ووٹ کر رہے ہیں۔ اسی درمیان مرکزی وزیر اور سینئر بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ نے لوگوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے ایک انتہائی متنازعہ بیان دے دیا ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’اگر دہلی کو اسلامک اسٹیٹ بننے سے بچانا ہے تو گھروں سے نکل کر بی جے پی کو ووٹ کریں۔‘‘

گری راج سنگھ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں واضح لفظوں میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’شاہین باغ کے حامی جو کل تک ملک کو توڑنے کی بات کر رہے تھے، وہ آج کیجریوال کو جتانے کے لیے لائن میں کھڑے ہیں۔ میری اپیل ہے کہ شاہین باغ کا جواب دینا ہے اور دہلی کو اسلامک اسٹیٹ بننے سے بچانا ہے تو لوگ گھروں سے نکل کر بی جے پی کے لیے ووٹ کریں۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری دھرنے کی تنقید گری راج سنگھ کئی بار کر چکے ہیں۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں گری راج سنگھ نے کہا تھا کہ ’’شاہین باغ میں ایک خاتون کا بچہ ٹھنڈ سے مر جاتا ہے، وہ خاتون کہتی ہے کہ میرا بیٹا شاہین باغ میں شہید ہوا ہے۔ یہ سوسائڈ بم نہیں ہے تو کیا ہے؟ اگر ہندوستان کو بچانا ہے تو یہ سوسائڈ بم آندولن-2 سے ملک کو ہوشیار رہنا ہوگا۔‘‘


قابل غور یہ بھی ہے کہ اس پوری انتخابی مہم کے دوران گری راج سنگھ پر کئی طرح کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔ عام آدمی پارٹی نے گری راج سنگھ پر پیسے تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے جواب بھی طلب کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔